1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ میں گرین پارٹی نے حکومت چھوڑ دی

24 جنوری 2011

آئرلینڈ کی گرین پارٹی حکمران اتحاد سے علیٰحدہ ہو گئی ہے، جس کے بعد وہاں سیاسی بحران مزید کشیدہ ہو گیا ہے۔ گرینز کی جانب سے یہ اعلان وزیراعظم برائن کوون کی طرف سے حکمران جماعت کی قیادت چھوڑنے کے ایک دِن بعد سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/101P6
آئرش وزیر اعظم برائن کوونتصویر: picture-alliance/dpa

گرین پارٹی کے رہنما جان کورمیلے کا کہنا ہے کہ گرینز حکومت میں شامل اپنے ساتھیوں سے ’اُکتا‘ گئے ہیں۔ آئرلینڈ میں عام انتخابات قبل ازوقت کرانے کے لیے 11مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم گرینز کے حکومت چھوڑنے سے یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ اب انتخابات مزید پہلے منعقد ہوں گے۔

گرین پارٹی کے رہنما جان کورمیلے کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ صبر کھو دیا ہے۔ انہوں نے جلد از جلد انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

حکومت میں شامل گرین پارٹی کے چھ ارکان نے فوری طور پر اپوزیشن میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں ہفتہ کو آئرلینڈ کے وزیر اعظم برائن کوون حکمران جماعت فیانا فیل کی قیادت سے دستبردار ہو گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ معیشت کے استحکام کے لیے بجٹ قوانین پر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا، ’ہر بات مدِ نظر رکھتے ہوئے اور اپنے خاندان سے صلاح مشورے کے بعد، میں نے اپنی مرضی سے پارٹی کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

Brian Lenihan Finanzminister Irland
آئرش وزیر خزانہتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے طور پر پارلیمانی انتخابات تک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ آئرلینڈ میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری سیاسی بے یقینی کے تناظر میں اس پیش رفت کو حیرت انگیز قرار دیا جا رہا تھا جبکہ گرینز کی جانب سے حکومت چھوڑنے کے اعلان نے سیاسی بے یقینی کو اور بھی گہرا کر دیا ہے۔

قبل ازیں برائن کوون نے کہا تھا کہ وہ اپنی پارٹی کو ’اندرونی خلفشار‘ سے پاک فضا میں انتخاب لڑتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ ابھی گزشتہ منگل کو ہی کوون کو اپنی پارٹی میں عدم اعتماد کے ووٹ کا سامنا تھا، جس میں وہ محفوظ تو رہے لیکن ان کی پوزیشن کو کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ سے کافی نقصان پہنچا ہے، جس کے تناظر میں انہیں انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی کرنا پڑا۔

فیانا فیل کی قیادت کے لیے کوون کی جگہ لینے کے خواہش مند افراد میں آئرلینڈ کے سابق وزیر خارجہ مائیکل مارٹن، وزیر خزانہ Brian Lenihan اور وزیر دفاع Eamon O Cuiv شامل ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں