1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ کی بڑی جماعتیں اتحادی حکومت کی تشکیل پر متفق

6 مارچ 2011

آئرلینڈ کی دو بڑی پارلیمانی جماعتیں نئی اتحادی حکومت کی تشکیل پر تیار ہو گئی ہیں۔ ان جماعتوں کے درمیان پیر سے مذاکرات جاری تھے اور یہ پیش رفت اتوار کو سامنے آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10U7k
فائن گیل پارٹی کے رہنما اینڈا کینیتصویر: AP

آئرلینڈ کے آئندہ وزیراعظم اینڈا کینی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہم معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں، جس کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔‘

اینڈا کینی اور لیبر پارٹی کے رہنما ایمون گلمور، دونوں کا ہی یہ کہنا ہے کہ حکومتی پروگرام اتوار کو بعدازاں شائع کیا جائے گا، جس کے بعد معاہدے کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

گلمور نے کہا کہ وہ حکومتی ڈھانچے پر خوش ہیں تاہم انہوں نے یہ بتانے سے احتراز کیا کہ کابینہ میں ان کی پارٹی کو کتنی نشستیں ملیں گی۔

فائن گیل اور لیبر پارٹی کے درمیان مذاکرات کا موضوع بجٹ خسارہ اور حکومتی اخراجات میں کمی کرنا رہا ہے۔ آئرلینڈ میں ابھی گزشتہ ہفتے ہی انتخابات ہوئے ہیں، جن میں فائن گیل پارٹی فاتح رہی ہے جبکہ ان انتخابات میں فیانا فیل پارٹی کی شکست کی وجہ ملک کو درپیش اقتصادی بحران کے حل میں اس کی کمزوریوں کو قرار دیا جاتا ہے۔

فائن گیل کو ان انتخابات میں پارلیمنٹ میں 76 نشستیں حاصل ہوئی ہیں، جو حکومت بنانے کے لیے کافی نہیں جبکہ لیبر پارٹی کو سینتیس نشستیں حاصل ہیں۔

فائن گیل اور لیبر پارٹی کے درمیان اس اتفاق رائے کے نتیجے میں آئرلینڈ کی حکومت کو آئی ایم ایف اور یورپی یونین کی جانب سے ملنے والے پچاسی ارب یورو کے امدادی پیکیج کی شرائط آسان کروانے میں مدد ملے گی۔

Irland Labour Eamon Gilmore
لیبر لیڈر ایمون گلمورتصویر: picture alliance/empics/Niall Carson/PA

لیبر پارٹی کو اتحادی حکومت کی تشکیل کے منصوبے کے لیے اپنے ارکان پارلیمنٹ اور جماعت کے ممبران سے منظوری لینا ہو گی جبکہ فائن گیل کی پارلیمانی پارٹی اس معاہدے کو منظور کرے گی۔

انتخابی مہم کے دوران دونوں پارٹیوں کی جانب سے ووٹروں کے سامنے پیش کیے گئے نظریات ایک دوسرے سے مختلف تھے۔ ان نظریات میں سرکاری محکموں میں اخراجات کی کٹوتی، ٹیکسوں اور بجٹ خسارے کے معاملات شامل تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبررساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں