1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئزک نیو اورلینز کے قریب پہنچ رہا ہے

29 اگست 2012

سمندری طوفان آئزک امریکی ریاست لوئزیانا کے جنوب مشرقی حصے سے ٹکرانے کے بعد نیو اورلینز کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں یہ بالکل ایسے وقت پہنچے گا، جب کترینا طوفان کے سات برس مکمل ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15z1s
تصویر: Getty Images

امریکا میں نیشنل ہریکن سینٹر کا کہنا ہے کہ لوئزیانا کے جنوب مشرقی حصے میں طوفان آئزک کے لینڈ فال کے وقت ہواؤں کی رفتار 80 میل فی گھنٹہ تھی۔

ہریکن سینٹر کے مطابق آئزک کے اثرات لوئزیانا، میسی سیپی اور الاباما کی ساحلی پٹیوں پر دیکھے گئے ہیں۔

عالمی وقت کے مطابق منگل کی شب بارہ بجے ہریکن سینٹر نے بتایا تھا کہ طوفان نیو اورلینز کے جنوب مشرق میں 90 میل کی دُوری پر ہے۔ بتایا گیا تھا کہ یہ آٹھ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے قدرے سستی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سست رفتار کو باعث تشویش قرار دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ سست طوفان موسلا دھار بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

نیواورلینز کے میئر مِچ لینڈرُو نے شہریوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے: ’’آپ کا شہر محفوظ ہے۔‘‘

منگل کی شام ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں لینڈرُو نے کہا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے تلاش اور امدادی کاموں کے لیے تیار ہیں۔

امریکی صدر باراک اوباما نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بچاؤ کی تدابیر پر عمل کریں اور انتباہی پیغامات پر دھیان دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب خطرہ مول لینے کا وقت نہیں رہا۔

New Orleans Louisiana Hurricane Isaac
نیو اورلینز کے میئر نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ شہر محفوظ ہےتصویر: Getty Images

قبل ازیں اوباما نے لوئزیانا اور میسی سیپی کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے لوئزیانا کے گورنر بوبی جِنڈل اور دیگر مقامی حکام کے ساتھ کانفرنس کال کے دوران کہا تھا کہ طوفان کے حوالے سے وفاقی حکومت کی مدد دستیاب ہے۔

لوئزیانا سے ٹکرانے سے قبل ازیں اس سینٹر نے بتایا تھا کہ ساحل تک پہنچنے سے قبل طوفان میں کچھ مضبوطی آ سکتی ہے تاہم ٹکرانے کے بعد اس میں بدستور کمزوری آنے کی توقع ہے۔

سمندری طوفان کترینا کے بعد نیو اورلینز میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے اربوں ڈالر مالیت کا دفاعی نظام لگایا گیا تھا اور طوفان آئزک اس نظام کا پہلا امتحان ثابت ہو رہا ہے۔

2005ء کے طوفان کے وقت فلڈ کنٹرول سسٹم کی ناکامی کی وجہ سے نیو اورلینز کے کئی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا تھا، جس کے بعد وہاں لُوٹ مار کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا تھا۔ اس خدشے کے پیش نظر وہاں فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔

کترینا کے نتیجے میں 18 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گلف کوسٹ میں املاک اور کاروبار کو بھاری مالی نقصان پہنچا تھا۔

ng / ab (Reuters)