1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئندہ فرانسيسی صدارتی اليکشن ميں کيا کچھ داؤ پر لگا ہے؟

عاصم سلیم
28 نومبر 2016

فرانسوا فِيَوں فرانس ميں دائيں بازو کی رپبلکن پارٹی کے صدارتی اميدوار بن گئے ہيں۔ اب ان کے سامنے فرانس اور يورپی يونين کے مستقبل کے علاوہ مغربی ممالک ميں مرکزی دھارے کی سياست سے نمٹنے جيسے چيلنجز کھڑے ہيں۔

https://p.dw.com/p/2TNfW
Frankreich Francois Fillon
تصویر: Reuters/P. Wojazer

امريکا ميں اسی ماہ منعقدہ صدارتی انتخابات ميں ڈونلڈ ٹرمپ کی کاميابی کے بعد فرانس ميں آئندہ برس اپريل یا مئی ميں ہونے والے صدارتی اليکشن میں واضح ہو سکے گاکہ قوم پرست اور عواميت پسند سياست کس طرح آگے بڑھ رہی ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق آئندہ انتخابات ميں انتہائی دائيں بازو کی جماعت نيشنل فرنٹ کی سربراہ مارين لی پين ری پبلکن پارٹی کے صدارتی اميدوار فیوں کی سب سے بڑی حريف کے طور پر سامنے کھڑی ہيں۔ لی پين خود کو ’گلوبلائزيشن‘ اور سياست پر چند با اثر ممالک و افراد کے اثر و رسوخ کی مخالف کے طور پر ديکھتی ہيں۔

ری پبلکن پارٹی کے حامیوں کا ماننا ہے کہ فرانسيسی ثقافت کی بقا، اسلام پسند انتہا پسندی کے خلاف اقدامات اور جرائم کے خلاف کارروائی جيسے معاملات پر فیوں کے نظريات اور پوزيشن، نيشنل فرنٹ کی لی پين کے خلاف قوت پکڑنے ميں اہم ثابت ہوں گے۔

علاوہ ازيں پچھلے ہی ہفتے فیوں  نے اپنے ايک بيان ميں مہاجرين سے مخاطب ہو کر کہا تھا، ’’جب آپ کسی کے گھر ميں داخل ہوتے ہيں، تو اس پر قبضہ نہيں کر ليتے۔‘‘ يہ جملہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے مخالفين کی قوم پرست زبان اختيار کرنے ميں بھی ذرا نہيں کترائيں گے۔

اتوار ستائيس نومبر کے روز فرانس ميں شائع ہونے والے رائے عامہ کے دو مختلف جائزوں کے مطابق صدارتی اليکشن کے دوسرے مرحلے ميں ممکنہ طور پر ری پبلکن جماعت کے اميدوار کا لی پين سے مقابلہ ہو گا، جس ميں فرانسوا فیوں سرخرو ہو جائیں گے۔

ايسا ہی کچھ سن 2002 ميں بھی ہوا تھا جب لی پين کے والد ژاں ماری لی پین  اليکشن کے دوسرے مرحلے تک پہنچ گئے تھے اور ان کے مد مقابل ری پبلکن جماعت کے ژاک شيراک تھے۔

يہ امر اہم ہے کہ اگر برطانيہ کی طرف سے يورپی يونين سے اخراج کا فيصلہ ايک بڑا دھچکا تھا، تو بلاک کی بنياد رکھنے والے ايک ملک کی حيثيت سے فرانس بھی اگر يہی رخ اختيار کرتا ہے، تو معاملات کافی بگڑ سکتے ہيں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید