1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئیفا کے سنسان میلے میں تھری ایڈیئٹس کی دھوم

6 جون 2010

بھارتی فلمی صنعت کے میگا سٹار عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیئٹس‘ نے 16 ایوارڈز جیت کر سری لنکا میں منعقدہ آئیفا ایوارڈ کا میلہ لوٹ لیا تاہم عامر سمیت متعدد بڑے نام اس تقریب سے دور رہے۔

https://p.dw.com/p/NjBe
تصویر: AP

Indian International Film Academy  (IIFA) کے تحت تقسیم کئے جانے والے یہ ایوارڈز بھارتی آسکر ایوارڈز کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ ’تھری ایڈیئٹس‘ کو13 میں سے 12 فنی کیٹیگیریز میں نامزد کیا گیا تھا جس میں سے آٹھ ایوارڈز اس فلم کے نام رہے۔ بہترین سکرین پلے اور بہترین سینماٹوگرافی جیسے تکنیکی شعبے کے آٹھ آئیفا ایوارڈز پہلے ہی عامر خان کی اس فلم کو مل چکے ہیں۔

’تھری ایڈیئٹس‘ انجینئرنگ کالج کے تین نوجوانوں کے گرد گھومتی مزاح سے بھرپور فلم ہے۔

Indischer Filmschauspieler Amitabh Bachchan
آئیفا کی شناخت سمجھے جانے والے امیتابھ بچن بھی اس سال کی تقریب تقسیم ایوارڈز میں شریک نہیں ہوئےتصویر: UNI

 فلم ’پا‘ میں شاندار ادارکاری کے جوہر دکھانے پر سپر سٹار امیتابھ بچن کو بہترین اداکار، جبکہ ’تھری ایڈیئٹس‘ کی کرینہ کپور اور ’پا‘ کی ودیا بالن کو مشترکہ طور پر بہترین اداکارہ کا آئیفا ایوارڈ دیا گیا۔

آئیفا کی یہ تقریب اس لئے پھیکی رہی کہ اس میں امیتابھ بچن، عامر خان، شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے سمیت متعدد بڑے نام شریک نہیں ہوئے۔ کولمبو میں اس تقریب کے خلاف تامل شہریوں نے احتجاج بھی کیا تھا اور بعض تامل گروہوں نے شرکاء کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔ سری لنکا کے تامل باغیوں کا مؤقف ہے کہ بھارتی فلمی صنعت نے کولمبو میں یہ تقریب منعقد کرکے سری لنکا کے صدر مہیندا راجہ پاکسے کی حکومت کو تسلیم کیا ہے۔ راجہ پاکسے پر مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ تامل علیحدگی پسندوں کے خلاف ان کی حکومت کی کاروائیوں کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے۔ راجہ پاکسے نے گزشتہ سال ہی تامل علیحدگی پسندوں کی لگ بھگ چار دہائیوں پر محیط مزاحمت کے خاتمے اور ان کے زیر قبضہ علاقوں پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا۔ سری لنکا میں 1972ء سے 2009ء تک کے ان لسانی فسادات میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اقوام متحدہ کے مطابق باغیوں کے خلاف فوج کی حتمی کارروائیوں میں متعدد نہتے تامل شہری مارے گئے ہیں۔   

  کولمبو میں ہی 2004ء کے دوران شاہ رخ خان کے ایک کنسرٹ پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ خود تو محفوظ رہے تاہم ان کے دو مداح مارے گئے تھے۔

Präsidentschaftswahlen in Sri Lanka Mahinda Rajapakse
سری لنکا کے صدر مہیندا راجہ پاکسےتصویر: AP

  آئیفا ایوارڈ ہر سال بھارت سے باہر منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ دو ارب ڈالر سے بھی زائد حجم کی بھارتی فلمی صنعت بین الاقوامی حیثیت اختیار کرجائے۔ سری لنکا حکومت کو امید تھی کہ آئیفا ایوارڈز سے ملکی سیاحت کی صنعت پر خوشگوار اثر ہوگا جو37 سال کی خانہ جنگی سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کولمبو میں ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی قانون ساز ششی تھرور نے کہا کہ سری لنکا دہائیوں کی جنگ کے بعد اب مصالحت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’بھارت میں جو لوگ اس تقریب کے سری لنکا میں انعقاد کے خلاف ہیں ان کا فیصلہ جذباتی ہے، اب وقت ہے کہ بھارتی فلمی صنعت سری لنکا کے ساتھ تعلقات کے نئے پل تعمیر کرے۔‘‘

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید