1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئین کی تیاری میں تاخیر: نیپال میں ملک گیر ہڑتال

13 مئی 2011

نیپال میں آج جمعہ کو نسلی اقلیتی باشندوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے سرگرم ایک ملکی تنظیم کی طرف سے قومی سطح پر عام ہڑتال کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/11FHR
تصویر: AP

اس ہڑتال کا مقصد ملکی پارلیمان کے ارکان کو اس بات پر مجبور کرنا ہے کہ وہ نئے ریاستی آئین کی تیاری کا کام 28 مئی کی طے شدہ تاریخ تک ہر حال میں مکمل کریں۔

اس عام ہڑتال کے دوران نیپال میں آج مختلف شہروں میں تعلیمی اور تجارتی ادارے بند رہے اور سڑکیں بھی معمول کے برعکس سنسان نظر آئیں۔ اس عام ہڑتال کی اپیل نیپال کے رہنے والے قدیم مقامی قومیتوں کے باشندوں کی فیڈریشن نے کی تھی۔ پولیس کے مطابق ہڑتال کے دوران درجنوں ایسے سیاسی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا، جو مختلف شہروں میں سڑکوں پر نظر آنے والی ٹریفک روک کر اس ہڑتال کو مزید کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

کٹھمنڈو سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق گرفتار کیے جانے والے سیاسی کارکنوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ملکی دارالحکومت اور چند دوسرے شہروں میں عام شہریوں کی گاڑیوں پر حملے کرنے کی کوششیں بھی کیں۔ نیپال میں جو نیا ریاستی آئین تیار کیا جا رہا ہے، اس میں ممکنہ طور پر نسلی اقیلتوں کو اب تک کے مقابلے میں زیادہ حقوق دیے جائیں گے۔ لیکن فی الحال اس آئین کی تیاری 28 مئی کی پہلے سے طے شدہ تاریخ تک مکمل ہوتی نظر نہیں آتی۔

Nepal Tibet China Mönche demonstrieren in Katmandu Polizei
ہڑتال کے دوران درجنوں سیاسی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیاتصویر: AP

اس تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ نیپالی سیاسی جماعتوں کے درمیا‌ن ابھی تک اس بارے میں واضح اختلافات پائے جاتے ہیں کہ نئے ملکی آئین میں کن اہم امور کا احاطہ کیا جانا چاہیے۔ نیپال میں موجود قانون ساز اسمبلی شروع میں دو سال کے لیے منتخب کی گئی تھی لیکن اس عرصے میں اسے نئے آئین کی تیاری میں کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی تھی۔

گزشتہ برس اس آئین ساز ادارے کی مدت میں ایک سال کی توسیع بھی کر دی گئی تھی۔ لیکن آئین کی تیاری ابھی تک وقت پر پوری ہوتی نظر نہیں آتی۔ کل جمعرات کو نیپالی کابینہ نے نئے سرے سے یہ تجویز پیش کر دی تھی کہ کٹھمنڈو میں آئین ساز اسمبلی کو نئے ریاستی آئین کی تیاری کا موقع دینے کے لیے مزید ایک سال کا وقت دے دیا جائے۔

اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ آیا اس پارلیمان کی مدت میں دوسری مرتبہ بھی ایک سال کی توسیع کر دی جائے گی۔ ایسی کسی بھی نئی توسیع کے لیے موجودہ ارکان پارلیمان کی کم از کم دو تہائی اکثریت کی تائید لازمی ہو گی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں