1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئیوری کوسٹ :برطانوی اور کینیڈین سفیروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

7 جنوری 2011

آئیوری کوسٹ کے متنازعہ صدر لاراں باگبو کے احکامات پر برطانیہ اور کینیڈا کے سفیروں کو ملک سے نکل جانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔کہا گیا ہے کہ ان ممالک کے سفیروں کو اس مغربی افریقی ملک میں دوبارہ خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/zuaE
تصویر: picture alliance / dpa

دنیا بھر کے ممالک کی طرح برطانیہ اور کینیڈا نے بھی گزشتہ برس نومبر میں آئیوری کوسٹ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد لاراں باگبو کے حریف الاسان وتارا کو ملک کا نیا صدر تسلیم کیا تھا۔ ان متنازعہ انتخابات کے بعد دونوں امیدواروں نے خود کو ملک کا نیا صدر قرار دیا تھا۔ برطانیہ اور کینیڈا نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ آئیوری کوسٹ کے صرف ایسے سفیروں کو قبول کریں گے، جنہیں وتارا تعینات کریں گے۔

NO FLASH Elfenbeinküste Blauhelmsoldaten
آئیوری کوسٹ میں اقوام متحدہ کے فوجیتصویر: AP

جمعرات کی شام سرکاری ٹی وی چینل پر اپنے خطاب میں باگبو نے کہا کہ ان دونوں ممالک کی طرف سے دیے گئے پیغام کے بعد ردعمل میں ان دونوں ممالک کے سفیروں کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

برطانیہ اور کینیڈا نے باگبو کے اس اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ باگبو کی حکومت کو قانونی تسلیم نہیں کرتے، اس لئے ان احکامات کو بھی قبول نہیں کریں گے۔

صدارتی انتخابات کے نتیجے میں باگبو کے عہدہ صدارت چھوڑنے سے انکار کے بعد سے اب تک ملک میں تشدد کے متعدد واقعات میں 173 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے تشدد کے انہی واقعات کے بعد آئیوری کوسٹ میں اپنے امن فوجی دستوں کی نفری میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

Elfenbeinküste Blauhelme UN-Soldaten in Abidjan
آئیوری کوسٹ میں امن فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہےتصویر: AP

لاراں باگبو اور ان کے متعدد حامیوں پر امریکہ اور یورپ کے متعدد ممالک نے سفری پابندیوں کا اعلان بھی کیا ہے، تاہم باگبو اب تک اس تمام عالمی دباؤ کے خلاف زبردست مزاحمت کر رہے ہیں۔ چند روز قبل امریکہ نے باگبو اور ان کے حامیوں کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی ڈائریکٹر برائے خارجی اثاثہ جات کنٹرول Adam J Szubin نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ امریکی اقدام باگبو اور ان کے قریبی ساتھیوں کو عالمی معاشی نظام سے علیٰحدہ کر دے گا۔

’’آج کا یہ اقدام باگبو تک عالمی برادری کی یہ خواہش پہنچائے گا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑ دیں۔‘‘

دوسری جانب افریقی رہنما بھی باگبو سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے پندرہ رکنی معاشی برادری برائے مغربی افریقی ممالک ECOWAS اور افریقی یونین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بھی آئیوری کوسٹ کا دورہ کیا ہے۔ ECOWAS کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر باگبو نے عہدہ صدارت نہ چھوڑا، تو وہ طاقت کا استعمال کر کے بھی انہیں اس عہدہ سے ہٹانے کا سوچ سکتی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں