1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ منتقل

16 مارچ 2009

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے جنوبی افریقہ سے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر نے کے لئے کہہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HDfs
تصویر: AP

ICC کے مطابق چیمپئنز ٹرافی رواں سال 24 ستمبر سے پانچ اکتوبر تک جوہانسبرگ اور سنچورین میں کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ابھی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کی توثیق باقی ہے تاہم ICC نے چیمپئنز ٹرافی کے لئے جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کی مالی اعانت کا اعلان بھی کردیا ہے۔

پچھلے سال سلامتی خدشات کے باعث پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کا انعقاد ملتوی کردیا گیا تھا۔ بعد میں سری لنکا کی جانب سے میزبانی کی پیشکش کے بعد ICC نے یہ ٹورنامنٹ سری لنکا منتقل کر دیا تھا۔ پھر وہاں بھی سلامتی کی صورت حال بہتر نہ ہونے کے باعث مختلف ٹیموں کی جانب سے تحفظات کے اظہار پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اپنے فیصلے پر نظرثانی کر نے پر مجبور ہو گئی تھی۔ اس صورت حال میں دوبئی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی ٹیلی کانفرنس میں سری لنکا نے خود بھی اپنی میزبانی کی پیشکش سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کردیا جس کے بعد کرکٹ کے نگران اس عالمی ادارے نے پیر کے روز اس ٹورنامنٹ کی جنوبی افریقہ منتقلی کا فیصلہ کیا۔

ICC کے صدر ڈیوڈ مورگن نے اس فیصلہ کو ایک دانش مندانہ اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کی پیشکش پر جنوبی افریقہ میں کرکٹ بورڈ کے لئے بھی شکریے کے جذبات کا اظہار کیا۔ڈیوڈ مورگن نے کہا: "اب ہمارے لئے صورت حال واضح ہو گئی ہے اور اب ہم بہتر طور پر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں تاکہ ایک روزہ میچوں کو ایک مرتبہ پھر سے جلا بخشی جا سکے۔"

’’ میں سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے بعد انہوں نے میزبانی کی پیشکش کی اور اب جنوبی افریقہ کے حق میں ان کے دستبرداری کے فیصلے کی بھی قدر کرتا ہوں۔ میں اس صورت حال میں جنوبی افریقہ میں کرکٹ بورڈ کی پیشکش پر اس کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

ICC کی اس ٹیلی کانفرنس میں اگلے برس ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹوئنٹی20 کپ کے لئے تاریخوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔ یہ مقابلے اگلے برس 30 اپریل سے لے کر 16 مئی تک منعقد ہوں گے۔