1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی

11 ستمبر 2008

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کرانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/FGNV
تصویر: AP

دوبئی میں آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی اور گورننگ بورڈ کی دو روزہ میٹنگ کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون لورگٹ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال پاکستان میں ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی حتمی تاریخوں کے اعلان آئندہ ماہ رکن ممالک سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

پی سی بی کے میڈیا منیجر منصور سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار نہیں ہو گا۔

دوسری طرف آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے حقوق سے دستبردار ہوجاناچاہئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کا کہنا ہے کہ سفیدفام ٹیموں کی جانب سے سیکورٹی خدشات کے سبب چیمپئنز ٹرافی کو آئندہ سال تک کے لئے ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کسی دوسرے ملک کو سونپ دیں اور آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ ایسا ہونے کی صورت میں وہ پاکستان کو متبادل کے طور پر مستقبل کے لئے کسی دوسرے ایونٹ کی میزبانی دے دے۔ احسان مانی نے کہا کہ اگر چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کسی دوسرے ملک میں ہوجاتا تو آئی سی سی کو پچاس ملین ڈالر کا منافع حاصل ہوسکتا تھا۔