1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی فون فائیو رواں برس ستمبر میں

23 جون 2011

ایپل کے چاہنے والے رواں برس ستمبر میں نئے آئی فون کی توقع کرسکتے ہیں۔ بلومبرگ نیوز کے مطابق نیکسٹ جنریشن آئی فون میں نہ صرف زیادہ طاقتور پروسیسر موجود ہوگا بلکہ اس میں کیمرہ بھی زیادہ بہتر نصب ہوگا۔

https://p.dw.com/p/11hzY
تصویر: picture alliance/dpa

بلومبرگ نیوز نے نئے آئی فون کے بارے میں معلومات رکھنے والے دو اشخاص کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایپل کی جانب سے نیکسٹ جنریشن آئی فون میں ڈیٹا پروسیسنگ کے لیے ’اے فائیو‘ پروسیسر موجود ہوگا۔ یہ وہی پروسیسر ہے جو رواں برس متعارف کرائے جانے والے آئی پیڈ ٹو میں نصب ہے۔

اطلاعات کے مطابق آئی فون فائیو میں زیادہ بہتر تصاویر اور ویڈیو کے لیے آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہوگا۔ یاد رہے کہ آئی فون فور میں پانچ میگا پکسل کا کیمرہ موجود ہے۔ تاہم ان اطلاعات کے بارے میں براہ راست ایپل کی طرف سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ ایپل کی یہ تاریخ رہی ہے کہ اس کی جانب سے نئی مصنوعات باقاعدہ طور متعارف کرانے سے قبل تک ان کے بارے میں معلومات کو عام نہیں کیا جاتا۔

دوسری طرف یہ بھی اطلاعات ہیں کہ معروف کمپیوٹر ساز امریکی ادارے ایپل کی طرف سے آئی پیڈ کے نئے ورژن کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے۔ اس نئے آئی پیڈ میں اسکرین کی ریزولوشن زیادہ بہتر کی گئی ہے۔ اب اس میں وہی اسکرین فراہم کی جائے گی جو اس وقت آئی فون فور میں نصب ہے۔

ایپل کی طرف سے آئی پیڈ کے نئے ورژن کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے
ایپل کی طرف سے آئی پیڈ کے نئے ورژن کی بھی جانچ پڑتال جاری ہےتصویر: Fotolia/Henri Schmit/picture alliance/dpa/DW Fotomontage

بلومبرگ نیوز کے مطابق زیادہ تیز رفتار اور طاقتور پروسیسر کی بدولت ایپل اس میدان میں اپنی حریف کمپنیوں مثلاﹰ سامسنگ وغیرہ پر اپنی سبقت برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ سام سنگ کی طرف سے تیار کردہ تیز رفتار پروسیسر والے اسمارٹ فونز گوگل کے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتے ہیں۔ اخبار کے مطابق نئے آئی فون کی ریلیز ستمبر میں کی جائے گی اور قریب اسی وقت ایپل کی طرف سے اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس فائیو‘ بھی متعارف کرایا جانا ہے، جس کا کوڈ نام ’ٹیلو رائڈ‘ رکھا گیا ہے۔

ایپل اور گوگل کی بدولت بلیک بیری بنانے والی کمپنی آر آئی ایم کا مارکیٹ شیئر پہلے ہی کافی نیچے آچکا ہے۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ریسرچ ان موشن کمپنی کی طرف سے منافعے اور فروخت کے اہداف پورے نہ ہونے کی وجہ سے اپنے اسٹاف میں کمی کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

اسمارٹ فونز اور ٹیکنالوجی کے بارے میں مارکیٹ ریسرچ کمپنی ’آئی ڈی سی‘ کے مطابق اسمارٹ فونز کی بین الاقوامی مارکیٹ میں رواں برس ایپل کا شیئر 18.2 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ دوسری طرف گوگل کا اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم رکھنے والے اسمارٹ فونز کا مارکیٹ شیئر 38.9 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں