1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آزادیِ رائے سے متعلق متنازعہ ترک قانون میں ترمیم

30 اپریل 2008

ترک پارلمنٹ نے بدھ کے روز آزادیِ اظہار سے متعلق قانون کے متنازعہ آرٹیکل تین سو ایک میںبھاری اکثریت سے ترمیم کر دی ہے۔ متنازعہ آرٹیکل کی حمایت میں پینسٹھ اور مخالفت میں ڈھائی سو ووٹ ڈالے گئے۔

https://p.dw.com/p/DrVU
ترک وزیر اعظم ریچپ طیب ایردوآنتصویر: AP

کرمنل کوڈ کے آ رٹیکل تین سو ایک کو کافی عرصے سے یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی تنقید کا سامنا تھا۔اس قانون کے تحت ترک تشخص کو مجروح کرنے والا کوئی بھی شخص مجرم تصوّر کیا جاتا تھا۔ اس قانون کے تحت سینکڑوں دانش ور اور اہلِ ادب پر مقدمات چلائے گئے۔ان میں سب سے زیادہ معروف مقدمات نوبیل انعام یافتہ مصنّف اورہان پاموک اور آرمینیائی صحافی ہرانٹ ڈنک کے ہیں جس کو ترک تشخص کو مبینہ طور پر مجروح کرنے کے الزام میں قتل کر دیا گیا تھا۔

ترک تشخص کے حوالے سے جرم کا ارتکاب کیسے؟

Massenprotest in Ankara
تصویر: picture-alliance/dpa

ترک پارلمنٹ کی جانب سے اس قانون میں ترمیم کے بعد اب ترک تشخّص کو مجروح کیا جانا تو جرم کے زمرے میں نہیں آئے گا بلکہ ترک قوم کی تضحیک یا تذلیل کرنے والا شخص قانون کے تحت سزا کا حق دار ہوگا۔اس کے علاوہ اب جرم کی سزا موت یا عمر قید سے کم کر کے محض دو یا تین سال قید کی سزا میں تبدیل کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے اے کے پی پارٹی کے نائب چئیر مین بیکر بوزداگ کا کہنا ہے کہ پاموک صاحب نے ادب کا نوبیل انعام حاصل کیا اور ترکی میں ہم نے ان کے ساتھ کیا کیا؟ہم نے ان کے ایک بیان کی پاداش میں انہیں کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی میں ناقدانہ آوازوں کے اظہار کی ضمانت دی جانی چاہیے۔

یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس قانون کے خاتمے کے لیے طویل جدو جہد کی ہے۔ اس قانون میں ترمیم کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں کے ابتدائی ردِ عمل سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ اس حوالے سے ترک حکومت پر مزید دباﺅ ڈالنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان تنظیموں کا موقف ہے کہ قانون میں ترمیم نہیں بلکہ اس کے مکمل خاتمے کی ضرورت ہے۔

یہ کہا جا رہا ہے کہ متنازعہ قانون میں ترمیم در حقیقت یورپی یونین کو رجھانے کی ترک حکومت کی ایک کوشش ہے۔ بعض حلقوں کی رائے میں آزادیِ رائے سے متعلق قانون میں ترمیم اس قانون کے مکمل خاتمے کے ضمن میں پہلی سیڑھی ہے۔