1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسام میں چھ باغی ہلاک کر دیے گئے، پولیس

عاطف بلوچ23 ستمبر 2016

بھارتی سکیورٹی فورسز نے ریاست آسام میں ایک کارروائی کرتے ہوئے چھ مشتبہ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ جھڑپ آج بروز جمعہ ایک دور دراز علاقے میں ہوئی۔

https://p.dw.com/p/1K79o
Indien United Liberation Front of Asom ULFA
تصویر: Getty Images/AFP/B. Boro

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمال مشرقی ریاست آسام کے ایک دور افتادہ علاقے میں باغیوں کے خلاف یہ کارروائی مخبری پر کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملی تھی کہ علیحدگی پسند گروہ ’کربی پیپلز لبریشن ٹائیگرز‘ KPLT کے جنگجو ایک مقام پر چھپے ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اس مخبری پر سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کارروائی کی تو شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے باعث ایک باقاعدہ مسلح تصادم شروع ہو گیا۔

مقامی پولیس اہلکار دیبجیت دیوری نے بذریعہ ٹیلی فون اے ایف پی کو بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں چھ جنگجو مارے گئے، جن میں KPLT کے دو اہم رہنما بھی شامل تھے۔

بھارتی ریاست آسام میں یہ باغی کربی نسل کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی خاطر مسلح تحریک چلا رہے ہیں۔ دیوری نے اس کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک شدہ باغیوں کے ٹھکانے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جھڑپ میں ایک فوجی زخمی بھی ہوا، جیسے ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

شمال مشرقی بھارت میں گزشتہ کئی عشروں سے نسلی بنیادوں پر علیحدگی پسندی کی تحریکیں جاری ہیں۔ اس علاقے میں درجنوں قبائلی گروہ نئی دہلی حکومت کے خلاف گوریلا کارروائیاں بھی سر انجام دے رہے ہیں۔ یہ گروہ نہ صرف وفاق کے بلکہ ایک دوسرے کے خلاف بھی پرتشدد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

Indien Assam Flüchtlinge 24.12. ethnische Auseinandersetzung Angriffe
شمال مشرقی بھارت میں گزشتہ کئی عشروں سے نسلی بنیادوں پر علیحدگی پسندی کی تحریکیں جاری ہیںتصویر: Reuters/Stringer

اگست میں ہی آسام میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بودولینڈ کے باغیوں نے ایک مصروف مارکیٹ میں فائرنگ کر کے پندرہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس پرتشدد حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید