1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بھارت؟

17 ستمبر 2008

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپراورسٹاربیٹسمین، ایڈم گلکرسٹ نے بدھ کے روزکہا ہے کہ دورہ بھارت کے دوران ماہرین ٹیم کی سیکیورٹی کا خیال رکھیں گے۔

https://p.dw.com/p/FKBQ
تصویر: Picture-Alliance / Photoshot

سابق وکٹ کیپر گلکرسٹ نے ممبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کو دہلی میں ہونے والے پانچ بم دھماکوں کے باوجود کنگرو ٹیم چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے شیڈول کے مطابق اتوارکے روزآسٹریلیا سے بھارت کے لئے روانہ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی جانب سے کرکٹ آسٹریلیا اور تمام کھلاڑیوں کوسیکیورٹی کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔

گلکرسٹ کا کہنا تھا کہ جب بھی اس طرح کے حالات پیدا ہوتے ہیں تو کرکٹ آسٹریلیا ماہرین کی مثبت رائے کے بغیر اس ملک کا دورہ نہیں کرتا ۔ گلگرسٹ نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی انہیں ماہرین کی رائے پر پورا بھروسہ ہونا چاہئے ، کھلاڑیوں کو سیکیورٹی پر مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے۔


تاہم آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ابھی تک بھارتی دورے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ سیکیورٹی صورتحال سے پوری طرح مطمئن ہوکر ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونٹنگ نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا بھرپور محنت اور ایمانداری سے اب تک پرفارمنس دیتی آئی ہےاورآگے بھی ایسا ہی ہو گا۔ آسٹریلوی کپتان نے بتایا کہ کرکٹ آسٹریلیا کا فی الحال بھارتی دورے کا حتمی فیصلہ اس لئے نہیں ہوا کیونکہ نئی دہلی میں سات بم دھماکوں کی وجہ سے وہاں کے حالات سازگار نہیں ہیں۔

پونٹنگ نے بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اس دورے کے خلاف نہیں لیکن حتمی فیصلہ امن کی صورتحال دیکھ کر دفتر خارجہ ہی کرے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے جنرل مینجر مائیکل براؤن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ آسٹریلین ٹیم پاکستانی دورہ منسوخ کرکے بھارت کے دورے پر جارہی ہے۔ مائیکل براؤن نے کہا کہ دورہ نہ کرنے کی وجہ صرف اور صرف غیر تسلی بخش سیکیورٹی صورتحال تھی۔