1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیت لیا

30 دسمبر 2009

ملبورن میں آسٹریلیا کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں کھیل کے آخری روز پاکستانی ٹیم بدھ کے دن کھانے کے وقفے کے کچھ ہی دیر بعد 170 رنز سے یہ میچ ہار گئی۔

https://p.dw.com/p/LGsU
تصویر: AP

یوں آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس میچ میں میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 454 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی، جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 258 رنز بنائے تھے۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 225 رنز بنا کر کھیل ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا اور یوں پاکستانی ٹیم کو دوسری اننگز میں میچ جیتنے کے لئے 422 رنز کا مشکل ہدف دیا گیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے تک آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے تھے۔ تب محمد یوسف ساٹھ رنز پر اور سعید اجمل دس رنز پر کھیل رہے تھے۔

لنچ کے بعد پہلے محمد یوسف 61 رنز پر آؤٹ ہوئے اور اسی اوور میں سعید اجمل بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح 422 رنز کے ٹارگٹ کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 251 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور میزبان آسٹریلیا نے یہ میچ 170 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولر Nathan Hauritz نے 101 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ پلیئر آف دی میچ کا اعزاز آسٹریلوی اوپنر واٹسن کو دیا گیا جو پہلی اننگز میں 93 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے تھے اور دوسری اننگز میں انہوں نے 120 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے تھے۔

دونوں ٹیموں کے مابین موجودہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ تین سے لے کر سات جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل