1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

11 دسمبر 2011

اتوار کو نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے اسپین کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر مسلسل چوتھی مرتبہ مردوں کا چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/13QdL
تصویر: AP

کانسی کا تمغہ ہالینڈ کے حصے میں آیا، جس نے میزبان نیوزی لینڈ کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ میں کھیلے جا رہے فیلڈ ہاکی کے چیمپئنز ٹرافی مقابلوں میں پاکستانی دستے نے کئی شکستوں کے بعد بالآخر ایک جیت پا لی ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے ایک میچ میں گرین شرٹس نے جنوبی کوریا کو شکست دی۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ لندن اولمپکس سے قبل فیلڈ ہاکی کا آخری بڑا ایونٹ ہے اور اسے اولمپکس مقابلوں کی تیاری کے لیے خاصا اہم خیال کیا جا رہا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان اور جنوبی کوریا کا میچ مقررہ وقت تک چار چار گول سے برابر رہا تھا۔ اضافی وقت میں پاکستان کے محمد رضوان سینئر نے گول کر کے پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ اس جیت کے بعد پاکستان آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں سب سے آخری درجے کی ٹیم بننے کی ہزیمت سے بچ گیا۔

اگرچہ پاکستان نے پول مقابلوں میں جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں چھ گول کے واضح فرق سے شکست دی تھی مگر گروپ مقابلے میں صورتحال خاصی مختلف رہی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ میچ کا پہلا گول جنوبی کوریا کے لیے سیو جونگ ہُو نے کیا مگر اس کے پانچ منٹ بعد ہی پاکستان کے محمد رضوان نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اس کے بعد پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے جنوبی کوریا کو دوسرا گول مل گیا۔ جنوبی کوریا کی سبقت کچھ ہی دیر رہی اور اس کے بعد پاکستان کے کپتان محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ ایک بار پھر برابر  کر دیا۔

نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کارکردگی بے حد خراب رہی ہے
نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کارکردگی بے حد خراب رہی ہےتصویر: AP

اس کے بعد یوں دکھائی دیا جیسے پاکستان ایک مرتبہ پھر جنوبی کوریا پر مکمل طور سے حاوی ہو رہا ہے۔ وقفے سے قبل اور فوری بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے دو گول کر ڈالے۔ اس کے بعد پاکستانی کھلاڑی قدرے سست پڑ گئے اور جنوبی کوریا نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری لمحات میں دو گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں محمد رضوان کے فاتحانہ گول میں شکیل عباسی کا کردار بھی خاصا اہم رہا۔

گروپ مقابلوں میں جرمنی نے روایتی حریف برطانیہ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح جرمنی کو اگلے سال کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینا نہیں پڑے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں