1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا چمپئنز ٹرافی ہاکی چیمپئن بن گیا

6 دسمبر 2009

اِکتیس واں چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا ہے، جس نے آج اتوار کو شہر ملبورن میں کھیلے جانے والے فائنل میں ورلڈ اور اولمپک چیمپئن جرمنی کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/KrMR
فائل فوٹوتصویر: AP

اِس طرح آسٹریلیا دَس وِیں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ جرمنی اب تک نو مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔ اتوار کا فائنل شروع ہوئے دو ہی منٹ ہوئے تھے کۃ آسٹریلیا کے ڈیزمنڈ ایبٹ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی تاہم جرمنی کے اٹھارہ سالہ فلوریان فُکس نے پندرہویں منٹ میں ہی گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

وقفے سے پہلے پہلے جرمن کھلاڑیوں نے دو مزید گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول کی برتری دلا دی تھی۔ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو اِسی ٹورنامنٹ کا وہ گروپ میچ یاد آ گیا ہو گا، جس میں آسٹریلیا پہلے ہاف کے اختتام تک تین صفرسے ہار رہا تھا اور بالآخر ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھا گیا تھا۔

تاہم اِس بار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو اُن کے ہم وطن شائقین نے خوب جوش دلایا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم نے جرمن گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دئے۔ دوسرا ہاف شروع ہوئے دو ہی منٹ ہوئے تھے کہ آسٹریلیا نے دوسرا گول کر دیا۔ اکتالیس ویں اور پچاس ویں منٹ میں آسٹریلوی کھلاڑی نے دو پنلٹی کارنرز پر گول کر کے اپنی ٹیم کو تین کے مقابلے میں چار گول کی برتری دلوا دی۔ جہاں جرمن ٹیم ایک اور گول کر کے میچ کو چار چار گول سے برابر کرنے کی ناکام کوشش کر ہی تھی، وہاں کھیل ختم ہونے سے تین منٹ پہلے آسٹریلیا نے پانچواں گول کر دیا۔

Olympia 2008 Deutschland Hockey Herren gewinnen über Niederlande
آسٹریلیا نے ورلڈ اور اولمپک چیمپئن جرمنی کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیاتصویر: AP

اِس سے پہلے تیسری پوزیشن کے لئے ہونے والے میچ میں جنوبی کوریا نے ہالینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ اسپین کو ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی اُس وقت ملی، جب اُس نے انگلینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔

آسٹریلیا میں کھیلا جانے والا یہ 31 واں چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ اُس ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ سے پہلے آخری بڑا ٹورنامنٹ تھا، جو اٹھائیس فروری سے لے کر تیرہ مارچ تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ 32 واں چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ آئندہ برس اکتیس جولائی سے لے کر آٹھ اگست تک یہاں جرمنی کے شہر موئنشن گلاڈ باخ میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں