1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کے خلاف جیت پر پاکستان بھر میں جشن

25 جولائی 2010

آسٹریلیا کو پندرہ برس کے طویل عرصے کے بعد کسی ٹیسٹ میچ میں شکست دینے پر پاکستان بھر میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کوچ وقار یونس نے جیت کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کے بہتر مستقبل کی پیشین گوئی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/OTyu
ٹیم کا مستقبل باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے: وقار یونستصویر: AP

وقار یونس نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ میں جیت کے بعد کہا:’’آسٹریلیا جیسی با صلاحیت ٹیم کو ہرانا بڑا زبردست احساس ہے۔‘‘

Pakistan Sri Lanka Cricket Salman Butt
پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کیتصویر: AP

کوچ یونس نے مزید کہا:’’یہ فتح ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک اچھا آغاز ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ کھلاڑی پاکستان کے لئے بہتر مستقبل کے ضامن ہوں گے۔‘‘اس جیت سے قبل پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو سن 1995ء میں سڈنی کے میدان پر ہرایا تھا۔ اُس میچ میں وقار یونس بھی شریک تھے۔

ٹیم میں شامل کئی نوجوان اور نا تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود پاکستان نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا جیسی طاقتور، مضبوط اور تجربہ یافتہ ٹیم کو ہفتے کے روز تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی موجودہ ٹیم میں محمد یوسف اور یونس خان جیسے تجربہ کار بیٹسمین شامل نہیں ہیں لیکن اس کمی کے باوجود نوجوان بلے بازوں نے ہمت، حوصلے، مثبت سوچ اور ہُنر کا زبردست مظاہرہ کیا اور وہ کر دکھایا جو گزشتہ پندرہ برس کے دوران ممکن نہیں ہو سکا تھا۔

Younis Khan Cricketspieler
یونس خان موجودہ پاکستان ٹیم میں شامل نہیں ہیںتصویر: AP

انگلینڈ کے نیوٹرل وینیو پر آسٹریلیا کو ہرا دینے کی خبر کے کچھ ہی لمحوں بعد پاکستان کے بڑے شہروں میں خوشی کا عالم تھا۔ لوگوں نے موسیقی کی دھنوں پر رقص کرکے اس جیت کا بھرپور جشن منایا۔ پاکستان ٹیم کے جوشیلے اور جذباتی مداحوں نے سڑکوں اور گلیوں میں ڈرم بجائے، خوشی کے ترانے گائے اور اپنے دوستوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کے پہلے میچ میں لارڈز کے میدان پر 150 رنز سے شکست دی تھی تاہم پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں زبردست ’کَم بیک‘ کرکے لارڈز کی ہار کا بدلہ لے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ پاکستان نے ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر سے مات دی تھی۔

Cricket Test Match zwischen Indien und Australien
پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو اپنے ملک میں مشکل سوالوں کا جواب دینا پڑے گاتصویر: AP

پاکستان کے سابق کپتان آصف اقبال نے انگلینڈ کی ٹیم کو خبردار کیا کہ اب جلد ہی شروع ہونے والی چار میچوں پر مبنی ٹیسٹ سیریز میں اسے ہونہار پاکستانی بولرز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستانی بولرز نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 88 کے معمولی سکور پر آل آوٴٹ کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 258 رنز بناکر 170 رنز کی انتہائی قیمتی برتری حاصل کی تھی۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 349 رنز بنائے اور اس طرح پاکستان کے سامنے 180 کا ہدف رکھا۔ پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر اس ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ پاکستانی نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر اور آسٹریلوی آل راوٴنڈر شین واٹسن کو مشترکہ طور پر ہیڈنگلے ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ عامر نے اس ٹیسٹ میچ میں سات جبکہ واٹسن نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔

دریں اثناء پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں