1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: روجر فیڈرر چوتھے مرحلے میں

23 جنوری 2010

آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم، آسٹریلین اوپن میں راجر فیڈرر چوتھے مرحلے تک رسائی میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس راؤنڈ میں ان کے مدمقابل آسٹریلوی سٹار کھلاڑی لیٹن ہیوئٹ ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/LfFA
عالمی نمبر ایک کھلاڑی روجر فیڈررتصویر: AP

تیسرے راؤنڈ میں ہیوئٹ کو قبرص کے کھلاڑی مارکوس باغتا دِیس کے مقابلے پر چھ صفر اور چار دو کی برتری حاصل تھی، جب باغتا دِیس نے زخمی ہو جانے کی بناء پر مقابلے سے دستبردار ہو جانے کا اعلان کر دیا۔

دوسری جانب فیڈرر نے اسپین کے البیئر مونتانیس کو چھ تین، چھ چار اور چھ چار سے شکست دی۔ آسٹریلین اوپن کے کسی میچ میں فیڈرر کی یہ 50 ویں کامیابی تھی۔ تین مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے والے اور گزشتہ برس فائنل تک پہنچنے والے فیڈرر کو میلبورن کے اِس ٹورنامنٹ میں اب تک صرف سات میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Kim Clijsters US Open Tennis Trophäe
بیلجیئم کی کم کلائٹرز یو ایس اوپن ٹرافی چومتے ہوئے، آسٹریلین اوپن میں غیر متوقع طور پر ابتدائی راؤنڈز ہی میں مقابلے سے خارج ہو گئیںتصویر: AP

اپنے ایک انٹرویو میں فیڈرر نے انکشاف کیا کہ نوعمری میں اُنہوں نے ترک وطن کر کے آسٹریلیا میں آباد ہو جانے کا سوچا تھا۔ فیڈرر، جن کی والدہ کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے، سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے تھے اور سوئٹزرلینڈ کے پرچم تلے اب تک پندرہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

ہیوئٹ اور فیڈرر کی طرح سیربیا کے نوواک ڈیوکووِچ اور روس کےنکولائی داوی دَینکو بھی کوئی سیٹ ہارے بغیر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

خواتین کھلاڑیوں میں بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی اور یو ایس اوپن کی فاتح کھلاڑی کم کلائسٹرز غیر متوقع طور پر مقابلے سے خارج ہو چکی ہیں لیکن امریکہ کی ولیمز سسٹرز اپنے میچ جیت کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔

سیرینا ولیمز نے اسپین کی کارلا سواریس کو چھ صفر اور چھ تین سے شکست دی جبکہ وینس ولیمز نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلاکوآ کو چھ ایک اور سات چھ سے ہرایا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر