1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آصف اور سلمان کی واپسی: بحالی کا منظم پلان

عابد حسین27 اگست 2015

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سزایافتہ کرکٹرز محمد آصف اور سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے ایک جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس پلان کی تکمیل سے قبل دونوں کھلاڑی کسی بھی میچ یا ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہو سکتے۔

https://p.dw.com/p/1GMpl
محمد آصف لندن کی عدالت میں پیش ہوتے ہوئےتصویر: Reuters

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق یہ کھلاڑی پریکٹس کے لیے فی الحال نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فراہم کردہ سہولیات استعمال نہیں کر سکتے اور بحالی کے پلان کی تکمیل تک وہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس بھی نہیں کر سکتے۔ محمد آصف نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے بحالی کے پروگرام پر عمل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اِسپر جلد از جلد عمل کر کے گریڈ کرکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار احمد خان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں کرکٹرز کو مستقبل میں بدعنوانی سے بچنے اور نگرانی کے موجودہ عمل کے حوالے سے ایک لیکچر بھی دیا گیا ہے اور یہ اُن کی کرکٹ کھیلنے کے عمل کی بحالی کا ایک حصہ ہے۔ محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر کو سن 2011 میں اسپاٹ فکسنگ کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پانچ برس کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے سے محروم کر دیا تھا۔ یہ کھلاڑی انگلینڈ کے سن 2011 کے دورے کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہوئے تھے۔

Zeitungen aus Pakistan
پاکستانی کھلاڑیوں کی اسپاٹ فکسنگ، چند اخبارات کی ہیڈ لائنزتصویر: AFP/Getty Images

محمد آصف اور سلمان بٹ کی بحالی کے پلان کے تحت اِنہیں مختلف مقامات پر خصوصی لیکچر دینے ہوں گے اور اِن میں وہ اپنے جرم کو جہاں تسلیم کریں گے وہاں وہ احساسِ ندامت اور پچھتاوے کو بھی بیان کریں گے۔ یہ دونوں کھلاڑی اپنے لیکچرز مستقبل کے کرکٹرز کے سامنے بھی دیں گے۔ بحالی کے پلان کی تکمیل کے بعد یہ کھلاڑی ملک کے نچلی سطح پر کھیلنے کے مجاز ہوں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف کے کھیل کی نگرانی اُسی انداز میں کی جائے گی جس طرح محمد عامر کی گئی تھی۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق بحالی کے پروگرام کے تحت سلمان بٹ اور محمد آصف کو ستمبر اور اکتوبر میں مختلف فورمز پر کم از کم سولہ لیکچر دینے ہوں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تیز بالر محمد عامر پر رواں برس جنوری میں کرکٹ کھیلنے کی پابندی ختم کر دی تھی۔ سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کا اختتام دوستمبر سے ہو گا۔ تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اُن کے ایجنٹ مظہر مجید کو بھی کرپشن کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔ ان کو قید کی مختلف المیعاد سزائیں بھی دی گئی تھیں، جو انہوں نے انگلینڈ کی جیلوں میں کاٹی تھیں۔ محمد عامر پر پابندی کا جلد خاتمہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کے باعث ممکن ہوا تھا۔ سلمان بٹ اور محمد آصف کو پہلی ستمبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی قومی ٹورنامنٹ میں لاہور اور سیالکوٹ نے اپنی اپنی ٹیموں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تازہ بیان کے بعد وہ اب ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کے اہل نہیں رہے۔