1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آلودگی گھٹانے کی مہم: پيرس کی سڑکوں سے گاڑياں غائب

عاصم سليم27 ستمبر 2015

فرانسيسی دارالحکومت کے کئی محلوں ميں اتوار 27 ستمبر کے روز قبل از دوپہر گيارہ بجے سے شام چھ بجے تک موٹر گاڑياں چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ شہری انتظاميہ کے اس اقدام کا مقصد فضائی آلودگی ميں کمی کرنا بتايا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GeIM
تصویر: Getty Images/L. Marin

پيرس ميں آج ’کار فری ڈے‘ منايا جا رہا ہے، جس کے تحت قبل از دوپہر گيارہ بجے سے شام چھ بجے تک شہر کے مرکزی حصے ميں عوام اپنی گاڑياں سڑکوں پر نہيں چلا سکتے۔ نيوز ايجنسی ايسوسی ايٹڈ پريس کے مطابق يہ عارضی پابندی براہ راست شہر کے قريب صرف ايک چوتھائی حصے پر لاگو ہوتی ہے تاہم پيرس کے بقيہ حصوں ميں بھی عوام کو گاڑيوں پر سفر کرنے سے پرہيز کرنے کا کہا گيا ہے۔

پيرس کے جن محلوں اور علاقوں ميں گاڑياں چلانے کی اجازت ہے، وہاں 20 کلوميٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار مقرر ہے اور پوليس اہلکار کڑی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہيں۔ بسيں، ايمبولينسيں، آگ بجانے والی گاڑياں، پوليس کی گاڑياں و ٹيکسياں اس پابندی کے زمرے ميں نہيں آتيں۔

پيرس ميں موسمياتی تبديليوں کے موضوع پر ہونے والی بين الاقوامی کانفرنس کے انعقاد سے قريب دو ماہ قبل فضائی آلودگی کم کرنے کے ليے اٹھايا جانے والا يہ اقدام ميئر اين ہڈالگو کی کوششوں کا نتيجہ ہے۔ ہڈالگو کے بقول وہ يہ ثابت کرنا چاہتی ہيں کہ سڑکوں پر موٹر گاڑيوں کی عدم موجودگی سے شہری معاملات متاثر نہيں ہوں گے اور لوگوں کے ليے کئی چيزيں معمول کے مطابق کرنا ممکن ہو گا۔

پابندی کے اطلاق کے آغاز پر پيرس کے معروف Champs-Elysees Avenue پر ايک علامتی تقريب کا انعقاد کيا گيا، جس ميں پيرس کے علاوہ ساؤ پاؤلو، برسلز اور برسٹل کے ميئرز نے شرکت کی۔

فرانسيسی دارالحکومت کی شہری انتظاميہ کے اہلکار آمد و رفت کے متبادل طريقہ کار، بالخصوص سائيکل سواری کو فروغ دے رہے ہيں۔ ديگر يورپی شہروں کے مقابلے ميں پيرس ميں سائيکل سواری کا رواج ذرا کم ہے تاہم آئندہ پانچ برسوں ميں وہاں سڑکوں پر سائيکلوں کے ليے ٹريکس يا مخصوص راستے بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔

فضائی آلودگی پيرس کا ايک بڑا اور مسلسل مسئلہ ہے۔ مارچ ميں ايک ہفتے تک شہری انتظاميہ نے گاڑيوں پر چوبيس گھنٹے کی پابندی لگا دی تھی۔ يہ پابندی ايسی گاڑيوں پر لگائی گئی تھی، جن کی نمبر پليٹس کے آخری اعداد جفت اعداد تھے۔