1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آلودہ فضا، کوکین سے زیادہ دل کے لیے خطرناک

25 فروری 2011

ایک تحقیق کے مطابق آلودہ فضا کے باعث دل کا دورہ پڑنےکا خطرہ، کوکین کے استعمال کے باعث دل کے دورےکے خطرے سے زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/10PhU
تصویر: AP

اِس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کو الکحل اور کافی کے استعمال کے علاوہ جسمانی مشقت کے باعث دل کے دورے کا سبب بنے والے عوامل میں شمار کیا جا سکتا ہے۔

معروف طبی جریدے The Lancet journal میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محقیقین کا کہنا ہے کہ سیکس، غصہ، بھنگ کا استعمال، سینے اور تنفس کا انفیکشن کسی نہ کسی حد تک دل کے دورے کا سبب بنتا ہے۔ تاہم فضائی آلودگی، خاص طور سے زیادہ ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والی آلودگی، دل کے دورے کے پیچھے کارفرما ایک بڑا سبب ہے۔

Straßenverkehr in Peking
تحقیق دانوں کے مطابق ٹریفک کا دھواں، دل کے دورے کا ایک بڑا سبب ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کی روشنی میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی جیسے مسئلے کو دل کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے عوامل میں سے ایک کی حیثیت سے سنجیدگی سے لینا چائیے۔

اس تحقیقی ٹیم کی رہنمائی کی ہے، بیلجیئم کی ہیسلٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محقق سائنسدان Tim Nawrot نے۔ ایک ٹیلیفون انٹرویو میں وہ کہتے ہیں کہ ان کی یہ تحقیق ڈاکڑوں کو اس بات کی جانب راغب کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی کہ وہ عوامی یا آبادی کی سطح پر اس خطرے کو کم کرنے کے بارے میں سوچیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ڈاکڑ ہمیشہ مریضوں کا انفرادی سطح پر معائنہ کرتے ہیں اور اس دوران بظاہر کم خطرات کے حامل عوامل اتنے اہم نظر نہیں آتے۔ لیکن اگر ان عوامل کو پوری آبادی پر منطبق کر کے دیکھا جائے توان کا تعلق بڑے پیمانے پر عوامی صحت سے بنتا ہے‘۔

Kokain Konsumentin
فضائی آلودگی کوکین کے نشے سے زیادہ صحت کے لیے خطرناک ہےتصویر: picture alliance/KPA

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے صحت نے بھی فضائی آلودگی کو ‘صحت کے لیے ایک بڑا ماحولیاتی خطرہ‘ قرار دیا ہے۔ ادارے کے ایک اندازے کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال دنیا بھر میں دو ملین کے قریب ہونے والی قبل از وقت اموات کا سبب بھی ہے۔

اس تحقیق کے لیےNawrot کی ٹیم نے 36 مختلف مطالعاتی جائزوں سے حاصل کردہ مواد اکٹھا کیا۔ اس کے بعد دل کے دورے کا سبب بنے والے عوامل اور ان کے سبب ہونے والے تمام ہارٹ اٹیکس کی تعداد کا حساب لگایا۔ ان سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق ٹریفک کے دھوئیں کے باعث دل کے دورے کا خطرہ سر فہرست رہا۔ اس کے بعد بالترتیب جسمانی تھکان یا مشقت، الکحل کا استعمال، کافی، فضائی آلودگی اور پھر غصہ، سیکس، کوکین کا نشہ، بھنگ کا استعمال اور آخر میں سانس سے متعلق انفیکشن رہی۔

Nawrot کے مطابق اس مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو کوکین کے استعمال کے باعث لوگ دل کے دورے کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ تاہم ٹریفک کے باعث ہونے والی آلودگی کے اثرات اجتماعی طور پر زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں کیونکہ یہ ایک وقت میں زیادہ لوگوں کو متاثر کر رہی ہوتی ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں