1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آندرے اگاسی کی ہال آف فیم کے لئے نامزدگی

2 ستمبر 2010

سن 1990 کی دہائی میں ٹینس کو امریکی مرد کھلاڑیوں پیٹ سیمپراس اور آندرے اگاسی نے بہت زیادہ متاثر کیا تھا۔ مبصرین کے خیال میں ان دونوں کھلاڑیوں کی کلاس کا کوئی اور کھلاڑی ابھی تک سامنے نہیں آیا۔

https://p.dw.com/p/P2AP
آندرے اگاسی: فائل فوٹوتصویر: AP

ٹینس کے لیجنڈری کھلاڑی آندرے اگاسی کو ان کے شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کی بدولت ٹینس کے ہال آف فیم کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ اولمپک گولڈ میڈل کے علاوہ اگاسی نے آٹھ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر رکھا ہے۔ ان کا ’کمپوزڈ‘ انداز، مسکراہٹ کے بغیر سپاٹ چہرہ اور گنجا سر ٹینس کورٹ میں جداگانہ حیثیت کا حامل تھا۔ پیٹ سیمپراس اور اگاسی کے درمیان نظر آنے والی طویل ریلیاں اب تقریباً مفقود ہو چکی ہیں۔ اس انداز کی ریلیاں موجودہ ٹینس میں اب کبھی کبھار ہی سامنے آتی ہیں۔

اگاسی نے چند ماہ قبل اپنے اعترافات سے ٹینس کی دنیا میں ایک تنازعے کو بھی جنم دیا تھا لیکن اس پر غیر معمولی سخت رد عمل سامنے نہیں آیا تھا۔ گزشتہ سال کے آخر میں انہوں نے اپنے ایک اعترافی بیان میں کہا تھا کہ وہ کھیل کے دوران کبھی کبھار سرعت انگیز منشیات، جیسے کہ ’ کرسٹل میتھ‘ کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ اس بیان کے بعد خطرہ پیدا ہو گیا تھا کہ ٹینس کے کھیل کا نگران ادارہ ان کے اعزازات کے خلاف کوئی تا دیبی کارروائی شروع نہ کر دے۔

Deutschland Sport Tennis Steffi Graf und Andre Agassi
آندرے اگاسی اور سٹیفی گرافتصویر: picture-alliance / dpa

اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران اگاسی نے کل 870 میچوں میں شرکت کی اور ان میں سے وہ 274 میں ناکام رہے۔ اس دوران انہوں نے گرینڈ سیلم ٹورنامنٹ جیتنے کے ساتھ ساتھ کل 66 دوسرے رینکنگ ٹورنامنٹ بھی جیتے۔ وہ پہلی بار دس اپریل 1995 کو بارہویں ٹینس کھلاڑی کے طور پر عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ وہ مسلسل تیس ہفتے عالمی نمبر ایک رہے تھے۔ بعد میں بھی وہ عالمی نمبر ایک بنتے رہے۔ مجموعی طور پر مختلف اوقات میں کل ایک سو ایک ہفتے وہ عالمی نمبر ایک رہے۔ اگاسی نے سن 1996 کے اٹلانٹا اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اگاسی نے فرنچ اوپن، آسٹریلین اوپن، یوایس اوپن اور ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس وقت چالیس سالہ اگاسی سن 2006 میں ٹینس سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ انہوں نے جرمنی کی شہرہء آفاق ٹینس سٹار سٹیفی گراف سے شادی کر رکھی ہے۔ سٹیفی گراف اور اگاسی امریکی شہر لاس ویگاس کے نواح میں رہائش پذیر ہیں۔ سٹیفی گراف سے قبل اگاسی کی شادی مشہور امریکی اداکارہ بروک شیلڈ سے بھی ہوئی تھی، جو دو سال بعد انجام کار طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں