1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آک لینڈ میں شکست لیکن سیریز پاکستان کے نام

5 فروری 2011

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ستاون رنز سے شکست دے دی ہے۔ 312 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 254 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/10BEO
پاکستان کی طرف سے کامرن اکمل نمایاں بلے باز رہےتصویر: AP

آک لینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم کے بلے باز جیسی رائڈر کی سینچری نمایاں رہی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتداء میں شاہد آفریدی کا فیصلہ کچھ ٹھیک نظر آیا، جب اوپنر برینڈن میکلم چوتھے اوورمیں سہیل تیویر کی ایک گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت بلیک کیپز کا مجموعی سکور اٹھارہ تھا۔ تاہم ون ڈاؤان بلے باز جیسی رائڈر اور دوسرے اوپنر مارٹین گپٹل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 123 رنز جوڑے۔

مارٹین گپٹل نے چوالیس رنز بنائے جبکہ رائڈر نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے صرف ترانوے گیندوں پر 107 رنز کی دلفریب اننگز کھیلی، جس نے نیوزی لینڈ کو کامیابی دالوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایک روزہ میچوں میں رائڈر کی یہ دوسری سینچری تھی۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Abdul Razzaq
عبدالرزاق نے دو وکٹیں حاصل کیںتصویر: APImages

ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد اگرچہ پاکستانی بولروں نے کپتان روس ٹیلر اور آل راؤنڈر فرنکلین کو جلد ہی آؤٹ کر دیا لیکن سکاٹ سٹائرس اور نیتھن میکلم نے کھیل کے آخری اوورز میں ایک مرتبہ پھر دھواں دھار بیٹنگ کی اور نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور سات کھلاڑی آؤٹ 311 تک پہنچا دیا۔ سٹائرس نے چوالیس گیندوں پر اٹھاون رنز بنائے تو نیتھن نے پچاس گیندوں پر 65 رنز بٹورے۔

پاکستان کی طرف سے عبدالرزاق اور محمد حفیظ نے دو دو جبکہ شعیب اختر اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نےجب ایک بڑے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ کے ہیرو اور سینچری میکر احمد شہزاد تیسرے اوور میں ہی چھ سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ملز نے آؤٹ کیا۔ اگرچہ ون ڈاؤن بلے باز کامران اکمل نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم دوسرے اینڈ سے پاکستان اپنی وکٹیں متواتر کھوتا رہا۔

کامران اکمل نے چوراسی گیندوں پر 89 رنز بنائے۔ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی دوسرے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے چوالیس رنز کا سکور کیا۔ لیکن نیوزی لینڈ کے بولروں کی نپی تلی بولنگ کے آگے پاکستانی بلے باز بے بس نظر آئے اور تمام ٹیم چوالیس اعشاریہ ایک اوور میں 254 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی۔

کھیل کا بہترین کھلاڑی جیسی رائدڑ کو قرار دیا گیا۔ چھ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان نے تین دو سے کامیابی حاصل کی ہے۔ عالمی کپ کرکٹ کے مقابلوں سے قبل پاکستان کی یہ کامیابی کافی سراہی جا رہی ہے اور ناقدین کا کہنا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کی کامیابی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں