1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آک لینڈ میں پاکستان کی وارم اپ ٹی ٹوئنٹی میں ناکامی

23 دسمبر 2010

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کو اس وقت اپنے دورے کا متاثر کن آغاز کرنے میں ناکام رہی جب آک لینڈ کی صوبائی ٹیم کے خلاف ایک وارم اپ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں اسے پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/zop6
فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستانی ٹیم کے دو بیٹسمین اس ٹور میچ کے پہلے ہی اوور میں واپس پویلین پہنچ گئے، جس کے بعد پوری مہمان ٹیم تمام بیس اوورز بھی نہ کھیل سکی اور صرف 17.4 اوورز میں 91 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپر عمر اکمل سب سے کامیاب بلے باز رہے، جو25 رنز بنا کر Hira کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عمر اکمل کے بعد دوسرے بہترین بیٹسمین فاسٹ بولر عمر گل تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے۔

Shoaib Akhtar Mai 2009
شعیب اختر نے 31 رنز دے کر دو وکٹیں لیںتصویر: AP

تیسرے کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان رہے جو 18 رنز بنا کر Hira ہی کی گیند پر Munro کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر عبدالرزاق کا ذاتی سکور 16 رہا۔ ان چار پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ آؤٹ ہونے والے باقی چھ بلے باز مجموعی طور پر صرف چھ رنز بنا سکے۔

جوابی اننگز میں آک لینڈ کی ٹیم نے بڑی تیزی سے سکور کیا اور محض 13.2 اوورز میں ہی اپنی فتح کو یقینی بنا لیا۔ آک لینڈ کی طرف سے نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹِل سب سے نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے 28 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور یوں پاکستانی ٹیم کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاکستان کی طرف سے سعید اکمل نے بیس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر شعیب اختر نے 31 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

موجودہ دورہء نیوزی لینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم کے باقاعدہ میچوں کا آغاز ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہو گا، جس دوران دونوں ملکوں کے مابین تین میچ کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ آک لینڈ ہی میں باکسنگ ڈے پر یعنی کرسمس کے ایک روز بعد اتوار کو کھیلیں گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں