1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ابوظہبی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی

3 نومبر 2009

’بوم بوم‘ آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی دھواں دھار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں 138رنز سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/KMdf
فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے جس میں شاہد آفریدی کی جانب سے 50 گیندوں پر 70جبکہ کامران اکمل کے 43 گیندوں پر 67 رنز نمایاں تھے۔

جواں سال افتتاحی بیٹسمین خالد لطیف انتہائی سست اسٹرائک ریٹ سے کھیلے۔ ایک وقت پر لطیف نے 68 گیندوں کا سامنا کرکے محض 31 رنز بنائے تھے۔ لطیف 64 رنز بناکر ویٹوری کا شکار بنے۔ انہوں نے 112 گیندوں کا سامنا کیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن اَپ کو ابتداء میں خاصی مشکلات کا سامنا رہا۔

تین میچوں پر مبنی اس سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر کھیل کے پہلے ہی اوور میں اوپنر سلمان بٹ بغیر کوئی رن بنائے شین بانڈ کا شکار ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان یونس خان کریز پر آئے لیکن کھیل کے تیسرے ہی اوور میں وہ بھی صفر کے سکور پر آؤٹ ہوکر واپس پویلین لوٹ گئے۔ خان بھی بانڈ کا ہی شکار بنے۔ اس طرح پاکستان نے صفر کے سکور پر اپنی دو قیمتی وکٹیں گنوادیں۔

Cricket - Shahid Afridi
جیت میں آفریدی کا کردار نمایاں رہاتصویر: AP

اس کے بعد قابل اعتبار محمد یوسف اور نئے اوپنر خالد لطیف نے ٹیم کی ڈگمگاتی اننگز کو سنبھالنا شروع کیا اور سکور کو 57 تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔ پھر یوسف رن آوٹ ہوگئے۔ یوسف نے اپنے شاندار انداز میں سٹائلش 30 رنز بنائے۔ وہ کھیل کے سترہویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ اس کے فوراً بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ویٹوری نے عمر اکمل کو نو رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ تاہم آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ٹیم کو بروقت سہارا دیا۔

جوں ہی شاہد آفریدی کریز پر آئے انہوں نے اپنے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور مخالف ٹیم کے کپتان ویٹوری اور وکٹ کیپر برینڈن میکولم کے بھائی نیتھن میکولم کی بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین چھکے مارے۔ آفریدی ستر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبدالرزاق نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 26 رنز بنائے۔ پاکستان نے میچ کے آخری دس اوورز میں 107 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان ویٹوری اور شین بانڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

Pakistan cricketers Akhtar and Asif
محمد آصف اور شعیب اختر اس وقت ٹیم میں شامل نہیں ہیںتصویر: AP

پاکستان نے شعیب ملک کو اس میچ کے لئے پلئینگ الیون میں شامل نہیں کیا تھا تاہم ٹیم میں شاہد خان آفریدی اور عبدالرزاق کی شکل میں دو منجھے ہوئے ورلڈ کلاس آل راؤنڈرز شامل تھے۔

پاکستانی اننگ کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 149 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ریمونڈ نے 52 جبکہ کپتان ویٹوری نے 38 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے آفریدی، عمر گل، عبدالر ززاق اور سعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔

شاہد آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر