1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ابو ظہبی:کالی آندھی ، گرین شرٹس سے شکست کھا گئی

13 نومبر 2008

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے مات دے دی۔

https://p.dw.com/p/FtYg
سہیل تنویر نے ویسٹ انڈیز کے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائیتصویر: AP

ویسٹ انڈیز کے 294رنز کا ہدف، پاکستان نے آخری اوور میں پورا کر کے پہلا ون ڈے جیت لیا۔

ویسٹ انڈیز نے ا بو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ اندیز کے ابتدائی بیٹسمینوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے اسکور کو ایک سو پچیس رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر چترگون کی وکٹ عمر گل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں بھی کرس گیل نے پاکستانی باؤلرز کی جم کر پٹائی کی۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ ایک سو اٹھانوے رنز پر گیل کی گری۔ دوسری وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں نووکٹوں کے نقصان پردو سو چورانوے رنز بنائے ۔ اس طرح پاکستان کو جیت کیلئے دو سو پچانوے رنز کا ہدف ملا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹسمین کپتان کرس گیل رہے جنہوں نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے ایک سو تیرہ رنز بنائے جبکہ سروان پچپن رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے عمر گل اور سہیل تنویر تین، تین جبکہ شعیب ملک اور شاہد آفریدی ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز سلمان بٹ اور خرم منظور نے ٹیم کوچونسٹھ رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ بٹ چوبیس رنز بناکر بیکر کا شکا ربنے۔ گرین شرٹس کو دوسرا نقصان ایک سو بیالیس کے ٹوٹل پر اٹھانا پڑاجب خرم انہتر رنز بناکر ٹیلر کی بال پر باغ کو کیچ تھما بیٹھے۔ مصباح نے صرف سات رنز بناکر ملرکی بال پروکٹ کھو دی۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ دوسوچھ رنز کے اسکور پر گری۔ یونس خان چھپن رنزبناکر بیکر کی بال پر چترگون کے ہاتھوں جکڑے گئے۔

شاہد آفریدی صرف چار رنز بنانے کے بعد بیکر اور چندر پال کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے۔ اس موقع پرکپتان شعیب ملک نے اپنی ذمہ دارانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا تاہم شعیب ملک چھیاسٹھ رنز کی اننگز کھیل کر ٹیلر کی بال پر گیل کو کیچ دے بیٹھے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کی تیز ترین بلے بازی نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھ سے جیت چھین لی۔ کامران اکمل نے صرف نو گیندوں کا سامنا کیا اورچوبیس رنز بنائے۔ پاکستان ٹیم آخری اوور میں ڈرامائی انداز سے چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ اکمل چوبیس اور فواد عالم چھبیس رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔