1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اب فضائی انٹرٹینمنٹ کے لیے بھی ٹیبلٹ کمپیوٹر

21 ستمبر 2011

آسٹریلوی ایئرلائن قنطاس نے دوران پرواز مسافروں کی تفریح طبع کے لیے پیش کیے جانے والے پروگرام ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ مسافر یہ تفریحی پروگرام بذریعہ اسٹریمنگ یا وائرلیس نیٹ ورکنگ دیکھ سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/12cz4
تصویر: picture-alliance/dpa

قنطاس کی طرف سے جمعرات 15 ستمبر کو جاری کیے جانے والے ایک اعلان کے مطابق تجرباتی طور پر یہ سہولت اکتوبر کے آخر تک ایک بوئنگ 767-300 جہاز پر اندرون ملک پرواز کے دوران فراہم کی جائے گی۔ چھ ہفتے تک جاری رہنے والے اس تجرباتی مرحلے کے دوران قنطاس کے موجودہ پروگرام ہی بذریعہ اسٹریمنگ ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر دیکھنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔ مسافروں کو یہ ٹیبلٹ کمپیوٹرز دوران پرواز ایئرلائن کی طرف سے فراہم کیے جائیں گے۔

اس مقصد کے لیے کون سی کمپنی کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز استعمال کیے جائیں گے یہ بات ابھی تک طے نہیں ہوئی، تاہم قنطاس کے مطابق ایپل کمپنی کا معروف آئی پیڈ بھی ان ماڈلز میں شامل ہے جنہیں  ابتدائی مرحلے میں استعمال کرنے کے لیے سوچا جا رہا ہے۔

قنطاس کے مطابق: ’’اس تجرباتی مرحلے کے دوران Q اسٹریمنگ مسافروں کے اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹرز، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس پر دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی
قنطاس کے مطابق: ’’اس تجرباتی مرحلے کے دوران Q اسٹریمنگ مسافروں کے اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹرز، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس پر دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گیتصویر: AP

قنطاس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق: ’’اس تجرباتی مرحلے کے دوران بعد میں Q اسٹریمنگ مسافروں کے اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹرز، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس پر دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ مزید یہ کہ اس تجربے کے کامیاب ہونے پر یہ فیچر قنطاس کے پروگرام میں شامل رہے گا۔‘‘

قنطاس ایئر لائن کی کسٹمر ایکپیریئنس منیجر الیسن ویبسٹر کے بقول:’’ہمیں دنیا کی ایسی پہلی ایئر ہونے پر انتہائی خوشی ہے جو وائرلیس اسٹریمنگ کو تجرباتی طور پر استعمال کر رہی ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ تجرباتی مرحلے کے بعد یہ سہولت اندرون ملک پروازوں کے علاوہ بین الاقوامی پروازوں میں بھی فراہم کی جائے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے خصوصی طور پر پروگرام کیے ہوئے ٹیبلٹ کمپیوٹرز استعمال کیے جائیں گے جو جہاز کے باہر کام نہیں کریں گے۔ اس کا مقصد ان ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی کسی ممکنہ چوری کو روکنا ہے۔

ویبسٹر کے مطابق اس حوالے سے پلے بیک کی سہولت فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی مسافر دوران پرواز اپنے لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ کمپیوٹر پر کوئی خاص فلم وغیرہ دیکھ رہا ہے اور  پرواز مکمل ہونے کی صورت میں اس کی وہ فلم ادھوری رہ گئی ہے تو بعد میں بھی دیکھ سکتا ہے۔

بعض امریکی ایئرلائنز میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کو سام سنگ کے گلیکسی ٹیبلٹ کے ذریعے تفریحی مواد فراہم کیا جاتا ہے
بعض امریکی ایئرلائنز میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کو سام سنگ کے گلیکسی ٹیبلٹ کے ذریعے تفریحی مواد فراہم کیا جاتا ہےتصویر: AP

الیسن ویبسٹر کے مطابق جہاز کی سیٹوں کے پیچھے لگے انٹرٹینمنٹ نظام کے بدلے ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر تفریحی مواد فراہم کرنے کا مقصد دوران پرواز ایندھن کے حوالے سے کارکردگی بہتر بنانا ہے۔ کیونکہ اس طرح نہ صرف جہاز کے وزن میں کمی واقع ہوگی بلکہ دوران پرواز اس نظام کو بجلی فراہم کرنے کے لیے جو ایندھن استعمال ہوتا ہے اس میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس کی وجہ نہ صرف فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں بلکہ آسٹریلیا میں فضائی آلودگی پھیلانے پر ٹیکس لگائے جانے پر غور بھی ہے۔

امریکی ایئرلائنز نے بھی اسی طرح کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کو سام سنگ کے گلیکسی ٹیبلٹ کے ذریعے تفریحی مواد فراہم کیا جاتا ہے مگر یہ تمام مٹیریل اسٹریمنگ کے ذریعے فراہم کرنے کی بجائے ان ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر پہلے سے ہی لوڈ کیا ہوتا ہے۔

قنطاس کی بجٹ ایئرلائن جیسٹر نے بھی اپنی چند فلائٹوں پر دوران پرواز آئی پیڈ کرائے پر فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں