1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اداکاری و سفارتکاری کے بعد انجلینا جولی اب ’پروفیسر‘

عابد حسین24 مئی 2016

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی پِٹ لندن کے ایک تعلیمی ادارے میں ایک خاص مضمون کی استاد بن رہی ہیں۔ وہ لندن اسکول آف اکنامکس کی اگلے برس فیکلٹی ممبر بن جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/1ItXO
ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی پِٹتصویر: picture-alliance/dpa/D. Himbrechts

دنیا میں پہلی مرتبہ ’ خواتین، امن اور سکیورٹی‘ نام کا خاص مضمون متعارف کرانے کا سہرا لندن اسکول آف اکنامکس (LSE) کو حاصل ہو رہا ہے۔ اِس خاص مضمون کو پڑھانے کے لیے ایک انتہائی خاص ٹیچر کا بندوبست کیا گیا ہے۔

یہ ٹیچر ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی پِٹ ہیں۔ وہ اگلے برس سے لندن کی اِس انتہائی معتبر تعلیمی درسگاہ کی فیکلٹی کی رکن بن رہی ہیں۔ امریکی اداکارہ اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے (UNHCR) کی خصوصی سفیر بھی ہیں۔ ہالی وڈ کے مایہ ناز اداکار بریڈ پِٹ ان کے شوہر ہیں۔

’ویمن، پیس اور سکیورٹی‘ مضمون کا تصور گزشتہ برس برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ لارڈ ولیم ہیگ نے انجلینا جولی کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد پیش کیا تھا۔ لندن اسکول آف اکنامکس میں لارڈ ہیگ بھی جزوقتی استاد کے طور پر اِس مضمون کے مختلف پہلووں پر لیکچر دیں گے۔

اِن دونوں احباب کے علاوہ بھی کم از کم دو ماہرین کو جز وقتی استاد کے طور پر شامل کرنے کا عندیہ ایل ایس ای نے دیا ہے۔ یہ مہمان لیکچرر خصوصی ورکشاپ کے ساتھ ساتھ اسٹوڈنٹس کے ہمراہ خصوصی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔

Logo der London School of Economics
لندن اسکول آف اکنامکس دنیا کا ایک معتبر تعلیمی ادارہ ہےتصویر: DW

لندن اسکول آف اکنامکس کے اِس خصوصی کورس کے شروع کرنے اور اُس کی ٹیچر مقرر کیے جانے پر انجلینا جولی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم موضوع ہے کیونکہ اِس میں وسعت دینے سے خواتین کے حقوق کی آگہی سے عورتوں کے خلاف جرائم اور تنازعات والے علاقوں میں جنسی تشدد کی مذمت کے ساتھ ساتھ اِس میں کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

جولی نے مسرت کے ساتھ کہا کہ وہ اِس مضمون کے لیے شریک طلبا کو پڑھانے کی منتظر ہیں اور اِس میں وہ اپنے تجربات سے بھی انہیں مستفید کریں گی۔

اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی (UNHCR) کی خصوصی سفیر نے اپنے بیان میں مزید واضح کیا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ یہ ایک ابتدا ہے اور اِس مضمون کو دوسرے ملکوں کے تعلیمی ادارے بھی متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کریں گے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ اور برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ لارڈ ہیگ نے مشترکہ طور پر سن 2012 سے تنازعات والے علاقوں میں جنسی تشدد روکنے کی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔

وہ اِس تحریک کے ذریعے جنسی تشدد کے مرتکب افراد کو انصاف میں کٹہرے میں کھڑا کرنے کی آواز بلند کیے ہوئے ہیں۔ دو برس قبل انہی دونوں شخصیات نے جنگی علاقوں میں جنسی زیادتی کے موضوع پر ایک سمٹ کا بھی اہتمام کیا تھا۔

لندن اسکول آف اکنامکس کے مضمون ’خواتین، امن اور سلامتی‘ کے لیے داخلے کا سلسلہ رواں برس اگست میں شروع ہو رہا ہے۔