1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن اور جرمنی کوارٹر فائنل میں پھر آمنے سامنے

28 جون 2010

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2010ء کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے چوتھے میچ میں ارجنٹائن نے میکسیکو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔ ارجنٹائن کے سٹرائیکر کارلوس ٹاویز نے دو گول کئے۔

https://p.dw.com/p/O4dI
ارجنٹائن کے کوچ میراڈونا لیونیل میسی کو مشورہ دیتے ہوئےتصویر: AP

دو مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والی ٹیم ارجنٹائن اب تین مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والی ٹیم جرمنی کے ساتھ ہفتے کوکوارٹر فائنل کھیلے گی۔ جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان 2006ء کے عالمی کپ کا کوارٹرفائنل بھی کھیلا جاچکا ہے جو جرمنی نے پنالٹی ککس پر جیتا تھا۔ اس سے قبل 1986ء کے فائنل میں ارجنٹائن جرمنی کو جبکہ 1990ء کے فائنل میں جرمنی ارجنٹائن کو ہرا چکا ہے۔

ارجنٹائن اور میکسیکو کی درمیان اتوار کے میچ کا پہلا گول متنازعہ رہا۔ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے سال کے بہترین فٹبالر لیونیل میسی نے جب ٹاویز کو گول کرنے کے لئے پاس دیا تو وہ آف سائیڈ پوزیشن میں تھے اور وہیں سے انہوں نے گول کیا۔ میکسیکو کے دفاعی کھلاڑیوں نے اس پر احتجاج کیا کہ ٹاویز آف سائیڈ تھے لیکن اطالوی ریفری روبرٹو روسیٹی نے 26ویں منٹ کے اس گول کو جائز قرار دے کر کھیل صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ارجنٹائن کے حق میں کردیا۔

Fußball WM 2010 England Deutschland Flash-Galerie
انگلینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے والی جرمن ٹیمتصویر: AP

33ویں منٹ میں میکسیکو کے لئے صورتحال مزید بگڑگئی جب ان کے دفاعی کھلاڑی کے ایک غلط پاس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ارجنٹائن کے گونزالو ہیگوان نے اپنی ٹیم کے لئے دوسرا گول کر ڈالا۔ ہیگوان چار گول کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے سرفہرست گول کرنے والے بن گئے ہیں۔

دوسرے ہاف میں اگرچہ میکسیکو کے جاویئر ہیرنانڈیز نے اپنی ٹیم کے لئے ایک گول کیا مگر اس سے قبل ٹاویز نے ڈی کے باہر سے ایک شاندار گول کرکے نا صرف جیت کی راہ ہموار کردی تھی بلکہ پہلے متنازعہ گول کا حساب بھی چکتا کردیا۔ ٹاویز کھیل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

رواں سال کے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پیر کو برازیل کا مقابلہ چلی سے جبکہ نیدرلینڈز کا سلوواکیہ سے ہوگا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں