1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن کا فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے پر اسرائیلی ردعمل

7 دسمبر 2010

کئی لاطینی امریکی ممالک کی طرف سے فلسطینی علاقوں کو بطور ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو اسرائیل نے افسوسناک قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق اس طرح کی بیان بازی سے حقیقت بدل نہیں سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/QR87
تصویر: AP Graphics

خبر رساں ادارے AFP نے اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان Yigal Palmor کو نقل کرتے ہوئے کہا ہے،’ یہ افسوسناک فیصلہ، اسرائیل اور فلسطین کے مابین موجودہ صورتحال کو بدلنے میں کوئی مدد نہیں کرے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مایوس کن اعلان ہے، جو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معاہدوں اور امن مذاکرات کی اصل روح کے منافی ہے۔

اسرائیل کی طرف سے یہ ردعمل اس وقت سامے آیا، جب لاطینی امریکی ممالک ارجنٹائن اور برازیل نے اعلان کیا کہ وہ سن1967ء کی سرحدوں کے مطابق فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرتے ہیں۔ ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا کِرشنر نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کو ایک خط کے ذریعے یہ پیغام بھیجا۔ اگرچہ یہ خط جمعہ کو ارسال کیا گیا تھا تاہم اس کو پیر کے دن عام کیا گیا۔

ارجنٹائن کے وزیر خارجہ Hector Timerman نے میڈیا کے سامنے اس خط کا متن پڑھ کر سنایا،’ ارجنٹائن کی حکومت فلسطین کو سن 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خود مختار ریاست تسلیم کرتی ہے۔‘ دوسری طرف یوروگوائے نےکہا ہے کہ وہ بھی سن2011ء میں فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کر لے گا۔

Cristina Fernandez
ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا کِرشنرتصویر: AP

دریں اثناء اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس طرح کے اعلانات سے مشرق وسطٰی میں قیام امن کے عمل کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ Palmor کے بقول،’ اگر ارجنٹائن ، مشرق وسطٰی میں امن مذاکرات کے لئے واقعی کوئی فائدہ مند حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو بیان بازی کے علاوہ دیگر کئی راستے موجود ہیں۔‘

برازیل نے جمعہ کو فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا، جس پر اسرائیل اور کئی امریکی سیاستدانوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ دوسری طرف فلسطینی علاقوں کے صدر محمود عباس نے لاطینی امریکی ممالک کی طرف سے ایسے اعلانات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فلسطینی علاقوں کے وزیر خارجہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ پیراگوائے اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک بھی فلسطینی ریاست کے آزاد تشخص کو تسلیم کریں گے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں