1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا دوسری مدت کے لیے کامیاب

24 اکتوبر 2011

ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا فرنینڈس نے ابتدائی نتائج کے مطابق صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ لاطینی امریکی ممالک میں اس سے قبل کسی خاتون کو دو مرتبہ صدر بننے کا اعزاز حاصل نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/12xTm
ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا فرنینڈزتصویر: dapd

ارجنٹائن کے وزیر داخلہ فلورینسیو رانڈازو نے بتایا ہے کہ سابق صدر نیسٹور کِرشنر کی بیوہ کرسٹینا نے 53.04 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جیسے ہی ٹیلی وژن پر کرسٹینا کی غیر معمولی جیت کی خبر عام کی گئی تو ان کے حامیوں نے دارالحکومت بیونس آئرس میں واقع صدارتی محل کے باہر جمع ہونا شروع کر دیا۔

ٹیلی وژن پر دکھائے جانے والے مناظر میں کرسٹینا کے حامی سفید اور نیلے رنگ کے جھنڈے لیے آتش بازی کرتے رہے۔ خوشی میں جھومتے اور گاتے افراد نے کرسٹینا کے حق میں نعرے بازی کی اور ان کے مرحوم شوہر اور سابق صدر نیسٹور کِرشنر کو بھی یاد کیا۔

بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اعتدال پسند سیاستدان کرسٹینا کے مرکزی حریف سوشلسٹ سیاستدان ہیرمیس بینر کو سترہ فیصد سے بھی کم ووٹ پڑے ہیں۔ عوامی جائزوں کے مطابق 58 سالہ کرسٹینا فرنینڈس ڈی کِرشنر پچپن فیصد تک ووٹ حاصل کر سکتی ہیں۔ اگر یوں ہوا تو وہ 1976ء تا 1983ء کے آمرانہ دور حکومت کے بعد ایسی واحد لیڈر بن جائیں گی، جنہوں نے ملکی صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہوں۔ ووٹوں کی گنتی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔

Kirchner gewinnt Präsidentenwahl in Argentinien
کرسٹینا کے حامی خوشیاں مناتے ہوئےتصویر: dapd

سابق صدر Eduardo Duhalde سمیت تین صدارتی امیدواروں نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کرسٹینا کو مبارکبادی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ کرسٹینا کے مرحوم شوہر نیسٹور کِرشنر نے اپنے دور اقتدار میں ارجنٹائن کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد بھی ان کی بیوہ کرسٹینا نے انہی کی پالیسیاں جاری رکھیں۔

ابتدائی نتائج کے منظر عام پر آنے کے بعد کرسٹینا نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تبدیلی اور ترقی کی خاطر اپنے منصوبہ جات جاری رکھیں گے۔ لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن کی صدر نے اپنے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’یہ ایک ایسی عورت ہے، جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اپنے نظریات سے نہیں ہٹ سکتی۔ صرف ایک ہی چیز اس کے لیے اہم ہے اور وہ ہے وطن کی محبت، جس کی یہ ذمہ دار بھی ہے‘۔

ارجنٹائن کے عوام بالخصوص تاجر طبقے کو یقین ہے کہ کرسٹینا کی پالیسیاں ملکی اقتصادیات کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں اور اسی کی بدولت خوشحالی ہے۔ کرسٹینا نے اپنے مرحوم شوہر کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے فلاح وبہبود کے پروگرامز آگے بڑھائے، تاجر طبقے کو مالی اعاینتیں دیں اور ترقیاتی منصوبوں میں وسعت پیدا کی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں