1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن کے سابق صدر نیسٹور کِرشنر کی رحلت

28 اکتوبر 2010

ارجنٹائن کی موجودہ صدر کرسٹینا فرنینڈس کے شوہر اور سابق صدر نیسٹور کِرشنر عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر ساٹھ برس تھی۔

https://p.dw.com/p/Pqgq
نیسٹور کِرشنر اور ان کی اہلیہ: فائل فوٹوتصویر: AP

مرحوم سابق صدر اگلے برس کے صدارتی انتخابات میں ایک بار پھر بطور امیدوار تھے۔ وہ سن 2003 ء سے لیکر2007 ء تک صدر رہ چکے تھے۔ وہ اپنے ملک کے مقبول سیاستدان تھے۔ ان کے دور صدارت میں ارجنٹائن نے شاندار اقتصادی ترقی حاصل کی تھی۔ ان سے قبل ارجنٹائن کی اقتصادیات کو شدید زوال کا سامنا تھا۔ وہ سن 2007 ء سے علیل چلے آ رہے تھے۔

اپنے دور میں اقتصادیات کی بحالی کی خاطر کِرشنر نے کئی سخت فیصلے بھی کئے، جس کے بنا پر ان کو مطلق العنان صدر بھی کہا گیا اور خاصی تنقید کا بھی سامنا رہا۔ اب کِرشنر کی رحلت پر ان کے مخالفین بھی ان کی سیاسی بصیرت کی تعریف و توصیف کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور صدارت کے دوران لاطینی امریکہ کے ملکوں کے اندر یک جہتی کو فروغ دینے کے حوالے سے بہت مفید حکمت عملی کو متعارف کروایا تھا۔ اس دوران بشمول اوگو چاویز کے ان کے کئی صدور کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔

Flash-Galerie Argentinien Nestor Kirchner Trauer
ارجنٹائن کے صدر کی رہائش گاہ پر قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا ہےتصویر: AP

ان کی رحلت کے بعد ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی اہلیہ کرسٹینا فرنینڈس ،جو موجودہ صدر بھی ہیں، وہ شاید دوسری مرتبہ بھی صدارتی الیکشن میں حصہ لیں۔

عالمی سطح پر کِرشنر کے ناگہانی رحلت پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ فوری طور پر پیغام ارسال کرنے والوں میں برازیل کے صدر ڈی سلوا اور وینزویلا کے اوگو چاویز کے ساتھ ساتھ یوراگوائے، کولمبیا، پیراگوائے اور ایکواڈور کے لیڈران بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر اوباما نے اپنے تعزیتی کلمات میں کرشنر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن اور لاطینی امریکہ کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ان کو اپنے ادارے کا دوست قرار دیا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم سٹیفن ہارپر نے بھی اپنا تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق صدر کی رحلت پر بہت اداس ہیں۔

ارجنٹائن کے دارالحکومت میں صدر کی گلابی رنگت والی رہائش گاہ پر قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا ہے۔ ان کی تدفین جمعرات کو جائے گی۔ کئی ملکوں کے صدور اس موقع پر بیونس آئرس پہنچ رہے ہیں۔ دوسری طرف ارجنٹائن کے اندر ویک اینڈ کے موقع پر ہونے والی کھیلوں کی تمام تقریبات کو مؤخر کردیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید