1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ بن لادن کا بعدازموت آڈیو پیغام

19 مئی 2011

دہشت گرد گروہ القاعدہ نے اسامہ بن لادن کا بعدازموت آڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اس بات کا اعلان امریکی مانیٹروں نے کیا ہے۔ اس پیغام میں لادن نے مصر اور تیونس میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11JPU
تصویر: AP

امریکہ کے SITE انٹیلی جنس گروپ کے مطابق اسامہ بن لادن کے اس آڈیو پیغام کا دورانیہ بارہ منٹ سینتیس سیکنڈ ہے اور یہ بدھ کو کو القاعدہ کے میڈیا وِنگ السحاب نے جہادی فورمز پر جاری کیا ہے۔

اس پیغام میں اسامہ بن لادن نے تیونس اور مصر میں احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں کو سراہا ہے۔ اس نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اٹھ کھڑے ہونے کے لیے ’نایاب تاریخی موقع‘ سے فائدہ اٹھائیں۔

بن لادن نے انقلاب کے حوالے سے مشورے دینے کے لیے کونسل قائم کرنے کی سفارش بھی کی۔ اس نے کہا کہ یہی کونسل مسلم دنیا میں بغاوت پھیلانے کے لیے بہترین وقت کا تعین کرے گی۔

سائٹ کی جانب سے فراہم کیے گئے ترجمے کے مطابق بن لادن کا مزید کہنا ہے، ’دیر کرنے سے موقع کھو سکتا ہے اور وقت سے قدم اٹھانے سے زیادہ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔‘

اس پیغام میں اسامہ کا مزید کہنا ہے، ’میں سمجھتا ہوں کہ تبدیلی کی ہوائیں پوری مسلم دنیا میں چلیں گی، انشااللہ۔‘

خیال رہے کہ القاعدہ ایک عرصے سے تشدد کو حکومتیں گرانے کا راستہ بتاتی آ رہی ہے۔ تاہم عرب دنیا میں شروع ہونے والے مظاہروں کی وجہ جہادی نظریات کے بجائے مہنگائی و بے روزگاری کا خاتمہ اور سیاسی اصلاحات جیسے مطالبات رہے ہیں۔ بن لادن نے عرب دنیا کے رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے مذہب اور میڈیا کو استعمال کرتے ہیں۔

سائٹ کا کہنا ہے کہ القاعدہ کی جانب سے قبل ازیں جاری کیے گئے بیان کے مطابق بن لادن نے اپنی ہلاکت سے ایک ہفتہ قبل ایک آڈیو پیغام ریکارڈ کیا تھا۔

NO FLASH Osama bin Laden Haus
امریکی فورسز نے اسامہ کو پاکستان میں ہلاک کیاتصویر: AP

اسے امریکہ کی خصوصی فورسز نے پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں ایک خفیہ آپریشن میں ہلاک کر دیا تھا۔ یہ کارروائی دو مئی کو پاکستان کو خبر کیے بغیر کی گئی، جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی محاذ آرائی نے جنم لیا۔

امریکہ نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کو ثابت کرنے کے تصاویر جاری نہیں کیں جبکہ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ اس کی لاش کو سمندر برد کیا جا چکا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں