1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ کی ایبٹ آباد میں موجودگی پر پورا بھروسہ نہیں تھا، گیٹس

16 مئی 2011

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی موجودگی کے بارے میں ملنے والی خفیہ معلومات پر انہیں پورا بھروسہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ کہ وہ ان معلومات پر تحفظات رکھتے تھے۔

https://p.dw.com/p/11GZA
تصویر: dapd

سی بی ایس ٹیلی وژن کے پروگرام ’سکسٹی منٹس‘ میں انٹرویو کے دوران رابرٹ گیٹس نے کہا، ’واقعی، مجھے بہت تشویش تھی۔‘

ان کا یہ انٹرویواتوار کو نشر کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا، ’مجھے انٹیلی جنس پر حقیقی تحفظات تھے۔ میں اس غیریقینی صورت حال کا شکار تھا کہ اسامہ بن لادن اس کمپاؤنڈ میں ہے بھی یا نہیں۔‘

رابرٹ گیٹس نے کہا، ’اس بات کا کوئی براہ راست ثبوت نہیں تھا کہ وہ وہاں موجود ہے۔ یہ سب واقعاتی شہادتوں پر مبنی تھا۔ لیکن یہ شاید 2001ء کے بعد ملنے والی بہترین معلومات تھیں۔‘

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ غیریقینی صورت حال اور اس آپریشن کے خطرات کو دیکھتے ہوئے باراک اوباما کی جانب سے کارروائی کا فیصلہ امریکی صدور کی جانب سے کیے گئے جرأت مندانہ فیصلوں میں سے ایک تھا۔

گیٹس نے تسلیم کیا کہ وائٹ ہاؤس میں اوباما اور دیگر حکام کے ساتھ ایبٹ آباد کی کارروائی کو دیکھتے ہوئے اعصابی دباؤ کی کیفیت تھی۔ انہوں نے کہا، ’میری سوچ بھی دوسروں کی مانند ہے۔ میں شش و پنچ میں تھا۔ اور بلاشبہ، جب ہیلی کاپٹر کمپاؤنڈ میں اترے تو میرا کلیجہ منہ کو آگیا، کیونکہ یہ منصوبے کا حصہ نہیں تھا۔ لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے حیرت انگیز کارکردگی دکھائی۔‘

Gates / Pentagon / USA
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بن لادن کی موت سے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء میں تیزی آئے گی یا نہیں، اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ رواں برس کے آخر تک جنگ اہم موڑ لے سکتی ہے اور مزید فوجی گھروں کو لوٹ سکتے ہیں۔

’اسامہ امریکی قیدی تھا‘

ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن ہلاکت سے پہلے کچھ عرصے کے لیے امریکی حراست میں تھے۔ انہوں نے اتوار کو سرکاری ٹیلی وژن کے ساتھ براہ راست نشر کیے گئے انٹرویو کے دوران کہا، ’میرے پاس پکّی معلومات ہیں کہ بن لادن کچھ عرصے سے امریکی فوج کی حراست میں تھا۔ جس دن اسے مارا گیا، اس وقت بھی وہ امریکی قیدی تھا۔‘

احمدی نژاد نے الزام عائد کیا کہ اسامہ کو مریض بنا دیا گیا تھا اور بعد میں قتل کر دیا گیا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں