1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل نے جنگ بندی کے لیے یورپی یونین کی اپیل مسترد کردی

خبر رساں ادارے5 جنوری 2009

اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کےحوالے سے یورپی یونین کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے ’اہداف‘ کی تکمیل تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GSU2
تصویر: AP

یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک چیک جمہوریہ کے وزیرِ خارجہ کاریل شوارسینبرگ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین چاہتی ہےکہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور وہ اسرائیل کی اس دلیل کو تسلیم نہیں کرتی ہے کہ حمّاس کے خلاف مقاصد کے حصول تک اسرائیل کو جنگ جاری رکھنے کا حق حاصل ہے۔

یہ بات چیک وزیرِ خارجہ نے یروشلم میں اسرائیلی وزیرِ خارجہ زپّی لونی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیک وزیرِ خارجہ نے حمّاس کی طرف سے اسرائیل پر راکٹ داغے جانے کے عمل کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیرِ خارجہ اور اسرائیلی وزارتِ عظمیٰ کی خواہش مند زپّی لونی نے حمّاس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Treffen Nicolas Sarkozy mit Tzipi Livni
فرانسیسی شہر پیرس میں فرانس کے صدر نکولا سارکوزی اور اسرائیلی وزیر خارجہ زپی لیونی کے مایبن یکم جنوری کو ایک ملاقات ہوئی تھیتصویر: AP

اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے عالمی دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے اور جرمنی سمیت بیشتر ممالک اسرائیل پر دباؤ میں اضافہ کرتے جارہے ہیں۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے علاوہ روسی صدر دی متری میدیدیف اور دیگر عالمی رہنماؤں نے فوری طور پر جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے یورپی یونین کے ایک وفد نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں پیر کے روز مصری صدر حسنی مبارک کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ جنگ بندی کے حصول کے لیے حمّاس کا ایک وفد بھی صدر حسنی مبارک کے ساتھ ملاقات کر رہا ہے۔

Protest Marseille Gaza Angriff Israel
جنوبی فرانس میں بھی غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے کے خلاف مظاہرے ہوئےتصویر: AP

دریں اثناء اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے مطابق غزہ میں حمّاس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے باوجود اسرائیلی حکومت اشیائے خورد و نوش اور ادویات سے بھرے تہتر ٹرک غزہ روانہ کر رہا ہے، جس کا مقصد وہاں عام شہریوں کی امداد کرنا ہے۔

اسی دوران غزہ میں عام شہریوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دس روز سے جاری اس جنگ میں کم از کم پانچ سو افراد ہلاک اور ڈھائی ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ میں ادویات اور اشیائے خورد و نوش کی شدید قلّت ہے۔ اسرائیل کی زمینی فوجی کارروائی کے بعد سے اب تک کم از کم اسّی افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں متعدد شہری شامل ہیں۔