1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسنوکر کی عالمی چیمپیئن شپ کل سے شروع

16 اپریل 2010

اسنوکر کی عالمی چیمپیئن شپ کل ہفتہ، سترہ اپریل سے برطانوی شہر شیفیلڈ کے کروسیبل تھیئٹر میں شروع ہو رہی ہے۔ برسوں سے شیفیلڈ شہر کے کروسیبل تھیئٹر کو اسنوکر کی عالمی چیمپیئن شپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/Mxx1
تصویر: dpa
Mark Selby Snooker WM
سنوکر کی عالمی چیمپیئن شپ میں شریک مارک سییلبائیتصویر: picture alliance / empics

یہ تھیئٹر سن 1971 میں تعمیر کیا گیا تھا، یہاں اسنوکر کی عالمی چمپیئن شپ سن 1977 سے منعقد کی جا رہی ہے۔ سترہ تاریخ سے شروع ہونے والی سترہ روزہ عالمی چیمپیئن شپ کا فائنل تین مئی کو کھیلا جائے گا۔

پہلے راؤنڈ میں ایک میچ اُنیس راؤنڈ پر مشتمل ہو گا اور جو بھی پہلے دس فریم جیت لے گا وہ میچ کا فاتح ہو گا اور اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر جائے گا۔ عالمی چیمپیئن شپ کا دوسرا راؤنڈ پچیس راؤنڈ پر مشتمل ہے یعنی جو بھی کھلاڑی تیرہ راؤنڈ جیتے گا وہی میچ جیتے گا۔ اسی طرح ہر اگلے راؤنڈ کے مقابلوں میں مجموعی فریم کی تعداد بڑھتی جاتی ہے۔

ہفتہ کو عالمی چیمپیئن شپ کا آغاز دفاعی چیمپیئن جان ہگنز کریں گے۔ اس وقت عارضی عالمی رینکنگ میں دفاعی چیمپیئن ہی عالمی نمبر ایک ہے۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے مشہور کھلاڑی رونی اوسولیوان دوسری پوزیشن پر ہیں۔ وہ گزشتہ سال عالمی نمبر ایک تھے۔ کل سے شروع ہونے والی چیمپیئن شپ میں جان ہگنز کا افتتاحی میچ بیری ہاکنز سے ہے۔ سال رواں کے لئے مستقل عالمی رینکنگ ورلڈ چیمپیئن شپ کے بعد جاری کی جائے گی۔

اسنوکر میں کئی برسوں سے عالمی سطح پر اسکاٹ لینڈ، آئر لینڈ، ویلز، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑی اپنی برتری جمائے ہوئے ہیں لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے چینی کھلاڑیوں نے ایک طرح کی ہلچل مچا دی ہے۔ چین بھی اب اسنوکر کا ایک پاور ہاؤس تصور کیا جانے لگا ہے۔ کئی چینی کھلاڑی عالمی رینکنگ میں بلند مقام پر پہنچنے کی پوزیشن میں ہیں۔ چین کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ بھی اسنوکر میں اب ایک اہم مرکز تصور کیا جاتا ہے۔

Snooker WM Ronnie OSullivan holt den Titel
رونی او سولیوان: عالمی چیمپیئن بننے پر ٹرافی کے ساتھتصویر: picture-alliance / dpa

ہفتہ سے شروع ہونے والے عالمی مقابلوں میں مشہور کھلاڑی رونی اوسولیوان کا پہلے راؤنڈ میں مقابلہ ایک چینی کھلاڑی لی آنگ وین باؤ سے ہے۔ وین باؤ کو اسنوکر کی دنیا میں ایک چھپا رستم قرار دیا جاتا ہے جو کسی بھی کھلاڑی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رونی اوسولیوان نے تین مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیت رکھی ہے۔ اسی طرح سات مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیتنے والے سکاٹ لینڈ کے اسٹیفن ہینڈری کا پہلے راؤنڈ میں میچ ایک اور چینی کھلاڑی اندے ژانگ سے ہے۔

اسنوکر کے حوالے سے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک ایسا جیمومیٹریکل کھیل ہے، جس میں کھلاڑی بال کو پوٹ کرنے کے لئے اپنے ذہن کے کینوس پر زاویوں کوترتیب دیتا ہے۔ بغیر اس کےاسنوکر کو کھیلنا دشوار ہوتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل