1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹاک ہولم حملے کے مبینہ حملہ آور کا اعترافِ جرم

عابد حسین
11 اپریل 2017

سویڈن کی ایک مصروف شاہراہ پر عام لوگوں پر ٹرک چڑھانے والے مشتبہ ملزم نے اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ ملزم کا تعلق وسطی ایشیائی ریاست ازبکستان سے بتایا گیا ہے۔ اس نے اعترافی بیان عدالت میں دیا۔

https://p.dw.com/p/2b2G6
Schweden Nach dem Anschlag in Stockholm
تصویر: Getty Images/M. Campanella

ٹرک سے عام شہریوں کو روندنے والے رحمت عاقلوف کی عمر انتالیس برس ہے۔ انتہائی سکیورٹی میں آج منگل گیارہ اپریل کی صبح میں اُسے سویڈش دار الحکومت اسٹاک ہولم کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔  عدالتی کارروائی کے بعد ملزم کے وکیل ژوہان ایرکسن نے رپورٹرز کو بتایا کہ اُن کے موکل نے عدالت میں عام شہریوں پر ٹرک چڑھانے کا اعتراف کر لیا ہے۔

ایرکسن نے بتایا کہ عاقلوف نے عدالت میں اپنی دہشت گردانہ کارروائی کو تسلیم کیا ہے۔ آج کی کارروائی کے بعد عدالت نے ملزم کو پولیس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔ وکیل کے مطابق اگلی پیشی پر اس کی ضمانت کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کے سامنے درخواست پیش کی جا سکتی ہے۔

ڈسٹرکٹ کورٹ میں ازبک شہری سبز رنگت والی ایک سویٹر میں ملبوس تھا۔ عدالت نے اُسے مترجم کی سہولت بھی فراہم کر رکھی تھی۔ عاقلوف کے حملے میں چار ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے تھے۔ استغاثہ کے مطابق رحمت عاقلوف نے یہ حملہ چوری کیے گئے ایک ٹرک کے ذریعے کیا تھا۔

Schweden Usbeke gesteht Anschlag vor Haftrichter in Stockholm
سویڈش دارالحکومت کی عدالت کے اندر ٹرک سے حملہ کزنے والے کی سماعت کے دوران باہر پولیس کھڑی ہےتصویر: Reuters/A. Ringstrom

رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ملزم کے وکیل ایرکسن نے کہا کہ آج کے بعد اس مقدمے کی بقیہ کارروائی کو عام لوگوں اور صحافیوں کے لیے عام نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عدالت نے حکومتی وکیل استغاثہ کی وہ درخواست منظور کر لی جس میں اِس مقدمے کی کارروائی بند دروازے کے پیچھے مکمل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

 سویڈش پولیس کو یہ معلومات دستیاب تھیں کہ مبینہ ملزم رحمت عاقلوف جہادی نظریات کی طرف مائل تھا اور ایسی تنظیموں کو پسند کرتا ہے جو جہادی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ازبک شہری کی مستقل رہائش حاصل کرنے کی درخواست سویڈش حکام نے گزشتہ برس مسترد کر دی تھی اور اس کے بعد وہ روپوش ہو گیا تھا۔ اس دہشت گردانہ کارروائی سے قبل عاقلوف پولیس کو اس لیے بھی مطلوب تھا کہ اُسے مستقل رہائش کی درخواست مسترد ہو جانے کے بعد ہر قیمت پر سویڈن چھوڑنا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کر سکا تھا۔