1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹیج پر پھانسی کی اداکاری حقیقت بن گئی

امجد علی6 فروری 2016

ایک اطالوی اداکار، جو اسٹیج پر اداکاری کے دوران پھانسی کے ایک منظر کو پیش کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا تھا، موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HqkI
Symbolbild Selbstmord
اس اداکار نے اسٹیج پر متعلقہ منظر کے لیے پستول کی بجائے عین آخری لمحے میں رسی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھاتصویر: vkara - Fotolia.com

ستائیس سالہ اداکار رافائیل شُوماخر کا تعلق شمالی اٹلی سے تھا اور وہ وسطی اطالوی علاقے تُسکانی میں اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس حادثے کا شکار ہوا۔

اٹلی کے شہر پِیسا میں ’دا تیاٹرو لکس‘ نامی تھیٹر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ناقابلِ تصور المیے کے بعد اس تھیٹر کو دَس روز کے لیے بند کیا جا رہا ہے:’’ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے میں تمام تر سرگرمیوں، بشمول شوز کو معطل کر دینا درست اقدام ہے۔‘‘

اس اداکار کو اسٹیج پر یہ دکھانا تھا کہ کیسے ایک نوجوان آغازِ شباب پر اپنی زندگی سے ناخوش ہے اور اُسے اکیلے اسٹیج پر کھڑے ہو کر اس موضوع پر مکالمے ادا کرنا تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان مکالموں کے ساتھ ساتھ اُس نے یہ بھی دکھانا تھا کہ کیسے یہ کردار گلے میں پھانسی کا پھندا ڈال لیتا ہے۔

ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ تیس جنوری کو نجی سطح پر منعقد کیے جانے والے ایک شو کے دوران پیش آیا۔ ناظرین میں سے ایک شخص کو شبہ ہوا تھا کہ گلے میں پھندا ڈالنے والے اس نوجوان اداکار کے ساتھ کچھ گڑ بڑ ہے چنانچہ اُس نے چِلا کر سب کو خبردار کیا۔

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ وِیک اَینڈ پر پیش آنے والے حادثے کے بعد اس نوجوان اداکار کو پِیسا کے یونیورسٹی ہسپتال میں لے جایا گیا تھا۔ ہسپتال کے ایک ترجمان کے مطابق حادثے کے بعد سے کوما کی حالت میں پڑے ہوئے رافائیل شُوماخر کے دماغ کو جمعرات کے روز مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس اس رخ سے اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کہیں اس میں قتل غیر عمد کا تو امکان نہیں ہے۔ پولیس اس سلسلے میں اس تھیٹر سے وابستہ چار افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

Italien LUX Theater Bühnenunfall Raphael Schumacher
اس المناک واقعے کے بعد اٹلی کے شہر پِیسا میں ’دا تیاٹرو لکس‘ نامی تھیٹر کی انتظامیہ نے اس تھیٹر کو دَس روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہےتصویر: picture alliance/ROPI/Cappello/Fotogramma

اطالوی روزنامے کوریئیرے ڈیلا سیرا نے بتایا ہے کہ ابتدائی پروگرام کے مطابق شوماخر کو اپنے اس منظر کے لیے ایک پستول استعمال کرنا تھا لیکن عین آخری لمحات میں اُس نے پستول کی بجائے اس مقصد کے لیے رسی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکام اس شبے کا اظہار کر رہے ہیں کہ غالباً اس شو کے دوران حفاظتی انتظامات کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا تھا۔