1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپاٹ فکسنگ: سلمان بٹ اورمحمدعامرکی اپیلیں مسترد

24 نومبر 2011

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ پاکستانی کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد عامرکی جانب سے سزا کے خلاف دائر کی جانے والی اپیلیں لندن کی "کورٹ آف اپیل" نے مسترد کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/13GQ7
سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹتصویر: AP

جسٹس آئیگورجج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس بدنام زمانہ کرپشن کیس کی تیاری میں بہت احتیاط برتی گئی تھی۔ رواں ماہ تین نومبر کو عدالت نے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کو ڈھائی برس جبکہ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

سماعت کے دوران سلمان بٹ کے وکیل علی باجوہ نے دلائل دیتے ہوئے سابق کپتان کی سزا کے دورانیے کو زیادہ قرار دیا جبکہ محمد عامر کے وکیل ہنری بلیکس لینڈ نے سزا کی معطلی کے حوالے سے عدالت سے استدعا کی ۔ تاہم عدالت نے دونوں اپیلیں مسترد کر دیں۔

جسٹس آئیگورجج نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم ، اپنے ملک اور اس کے ساتھ ساتھ اس مقبول کھیل کے شائقین کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کے اس اقدام نے کھیل کے بنیادی قوانین کو توڑا ہے اور یہ ایک سنجیدہ نوعیت کا مجرمانہ فعل ہے جس کے باعث ان کھلاڑیوں کو سزا دی گئی ہے۔

Kombo Pakistan Cricket Korruption Salman Butt Mohammad Asif und Mohammad Amir
جسٹس آئیگورجج نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم ، اپنے ملک اور اس کے ساتھ ساتھ اس مقبول کھیل کے شائقین کو دھوکہ دیا ہےتصویر: AP

جسٹس آئیگورجج کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کھیلنے کا اعزازحاصل کرنے کے بعد ان کھلاڑیوں کی ذمہ داری تھی کہ ایمانداری کے ساتھ اپنی تمام صلاحیتوں کو برؤے کار لاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکھیل کے قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ذاتی طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کےان اقدامات کو نہ روکا گیا تو کرکٹ مقابلوں میں شائقین کی دلچسپی ختم ہو کر رہ جائے گی۔

جج نے اس سارے کرپشن کیس کا بنیادی محور سلمان بٹ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کپتان کی حیثیت سے یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ اگر کچھ غلط ہو رہا تھا تو اسے روکتے۔ انہوں نے محمد عامرکے اس کرپشن کیس میں ملوث ہونے کو کرکٹ کے کھیل کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ سلمان بٹ کے وکیل علی باجوہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق ٹیسٹ کپتان کواپنی سزا کے فیصلے سے شدید دھچکا لگا ہے۔ علی باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس میں دی جانے والی سزا کا دورانیہ زیادہ ہے لہٰذا اس پر نظرثانی کی جائے۔ تاہم عدالت نے سلمان بٹ اور محمد عامرکی جانب سے سزا کے خلاف دائر کی جانے والی اپیلیں مسترد کر دیں۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں