1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین میں بیل دوڑ، ایک شخص ہلاک

10 جولائی 2009

جمعہ کے روز ہسپانوی شہر پامپلونا میں ہونے والی سان فیرمِن فیسٹیول کے موقع پر ہونے والی روایتی بیل دوڑ میں ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا۔

https://p.dw.com/p/IlHI
پامپلونا میں بیل دوڑ کا منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

اسپین میں بیلوں کی یہ روایتی دوڑ اس وقت ایک تکلیف دہ منظر میں تبدیل ہو گئی جب ایک منہ زور بیل نے اپنے سامنے دوڑتے ہوئے لوگوں میں سے دس افراد کو زخمی کر دیا۔ اسپین میں ہر سال ہونے والی اس bull race میں پندرہ سال بعد کوئی شخص ہلاک ہوا ہے۔

پامپلونا میں مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا نام دانیئل خیمینو رومیرو ہے اور اس کی عمر 27 سال تھی۔ اس نوجوان کا تعلق میڈرڈ کے ایک نواحی قصبے الکالادے ایناریس سے بتایا گیا ہے۔ یہ نوجوان چھٹیوں پر اپنے والدین سے ملنے آیا تھا اور اس بیل دوڑ میں شریک ہوگیا تھا۔

Pamplona lässt grüßen
اکیلا بیل اکثر لوگوں سے گھبرا کر انہیں مارنے کو دوڑتا ہےتصویر: AP

سان فیرمِن فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق رومیرو بھاگتے ہوئے ایک ایسے بیل کے سامنے آگیا تھا جو اندھا دھند دوڑتے ہوئے باقی بیلوں سے الگ ہو گیا تھا۔ پھر جب کاپوچینو نامی یہ بیل رومیرو بہت قریب پہنچا تو اس نے اپنے سینگ اس نوجوان کی گردن اور سینے میں گاڑ دئے۔

اس دوڑ میں شہر کی قدیم گلیوں میں طاقتور بیلوں کو دوڑایا جاتا ہے اور ان سے بھی آگے سینکڑوں لوگ دوڑتے ہیں۔ اس بیچ میں تیزی سے دوڑتے ہوئے بیلوں کی رفتار کا مقابلہ نہ کر پانے والے افراد گلی میں اِدھر اُدھر ہو کر ان بیلوں کو راستہ دے دیتے ہیں۔ تاہم رومیرو کو ہلاک کرنے والا بیل کاپوچینو جب دوسرے بیلوں سے الگ رہ گیا تو لوگوں کے ایک بڑے ہجوم نے اسے اپنے گھیرے میں لے لیا تھا۔

یہ معمول کی بات ہے کہ اکیلا رہ جانے والا بیل لوگوں سے گھبرا کر انہیں مارنے کو دوڑتا ہے تاہم یہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کاپوچینو رومیرو کی موت کا باعث بن جائے گا۔

San Fermin میلے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تصاویر میں نظر آتا ہے کہ بیل کے حملے کے بعد رومیرو کا چہرہ، گلا اور سینہ خون سے لت پت تھے۔ وہاں موجود طبی کارکنوں نے زخمی کی مدد کی اور اسے مصنوعی تنفس فراہم کیا تاہم 27 سالہ رومیرو جان بر نہ ہو سکا۔

Pamplona Stierkampf Stier Hatz Flash-Galerie
تیزرفتاری سے دوڑتے بیلوں سے بچتے ہوئے لوگتصویر: AP

اسپین کے ایک ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں رومیرو پر بیل کا حملہ واضح دکھایا گیا ہے۔ جس میں بیل نے پہلے رومیرو پر حملہ کیا، وہ بچنے کی کوشش میں ایک دوسرے شخص سے ٹکرانے کے بعد اپنا توازن قائم نہ رکھ سکا۔ اسی لمحے پرجوش تماشائیوں کے ہجوم میں پھنسے خوفزدہ بیل نے اسے سینگوں سے اٹھا کر پہلے ایک طرف پھینکا اور پھر گھسیٹتے ہوئے کئی میٹر دور تک لے گیا۔ اسی بیل نے تین دیگر افراد کو بھی شدید زخمی کر دیا جبکہ چھ تماشائیوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔

اس حادثے کے بعد اگرچہ فیسٹیول کی فضا سوگوار ہوگئی تاہم ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا کہ یہ میلہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق یہ فیسٹیول آئندہ منگل کو ختم ہوگا۔

اس میلے میں آخری مرتبہ 1995ء میں ایک 22 سالہ امریکی نوجوان ایسے ہی ایک بیل کے حملے میں مارا گیا تھا۔ مجموعی طور پر سان فیرمِن فیسٹیول میں 1911ء سے اب تک 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک