1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین: کاتالونیا میں حالات بظاہر پرسکون

30 اکتوبر 2017

اسپین کی مرکزی حکومت نے آج پیر تیس اکتوبر سے کاتالونیا کا انتظام سنبھال لیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بارسلونا میں قائم تمام وزراء اور سرکاری ادارے براہ راست میڈرڈ حکومت کے تابع ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2mjZg
تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Barrientos

کاتالونیا کی علیحدگی پسند حکومت کی معطّلی کے دو روز بعد بارسلونا کے سرکاری محل کی سیاسی صورتحال قدرے پرسکون ہے۔ آج پیر کی صبح ’پالاؤ دے لا جینیرالیٹاٹ دے کاتالونیا‘ میں انتہائی کم سرگرمیاں دکھائی دیں۔ صرف چند سرکاری افسران ہی اس عمارت میں داخل ہوتے ہوئے دکھائی دیے۔ اس دوران یہ بھی علم نہیں کہ اختتام ہفتہ جیرونا میں گزارنے والے کاتالونیا حکومت کے برطرف سربراہ کارلیس پوج ڈیمونٹ اس وقت کہاں ہیں۔

مقامی خبر رساں اداروں کے مطابق ملکی دفتر استغاثہ آج پیر یا پھر منگل کو پوج ڈیمونٹ اور ان کے دیگر حکومتی ساتھیوں کے خلاف مقدمات کا اعلان کر دے گا۔ ان میں بارسلونا پارلیمان کی سابق اسپیکر کارمے فورسادیل بھی شامل ہیں۔ میڈرڈ حکومت کے نئے اقدامات کے بعد فورسادیل اکیس دسمبر کو ہونے والے انتخابات تک پارلیمان کی ایک مستقل کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں۔ تاہم ملکی محکمہ انصاف کے اب تک کے منصوبوں کے مطابق ان افراد کو حراست میں نہیں لیا جائے گا۔

اگر پوج ڈیمونٹ اور فورسادیل پر ریاست کے خلاف بغاوت کے الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں تیس سال تک کی سزا دی جا سکتی ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے کے مطابق یہ مرکزی انتظامیہ اکیس دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات تک کاروبار حکومت چلائے گی۔ تاہم اس دوران کاتالونیا کے سابق سربراہ حکومت پوج ڈیمونٹ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ابھی دو روز قبل ہی ملکی وزیر اعظم راخوئے نے اس علاقے  کی علیحدگی پسند حکومت کو معطل کر دیا تھا۔

عرصے سے نیم خود مختار چلے آ رہے کاتالونیا کا شمار اسپین کے اقتصادی طور پر مضبوط ترین خطوں میں ہوتا ہے۔

 

’کاتالونیا اسپین کا حصہ ہی ہے‘