1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپیکٹر: جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم

عابد حسین27 اکتوبر 2015

جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم کا ورلڈ پریمیئر کل پیر کی شام لندن میں منعقد کیا گیا۔ نئی فلم ’اسپیکٹر‘ کو چھبیس اکتوبر سے برطانوی سینما گھروں میں ریلیز کر دی گئی ہے۔ جرمنی میں یہ فلم پانچ نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1GutM
ڈینئل کریگ فلم کی ہیروئنوں لی سیڈُو اور مونیکا بالوچی کے ساتھ ورلڈ پریمیئر کے موقع پرتصویر: Reuters/L. MacGregor

جیمز بانڈ سیریز کی چوبیسویں فلم ’اسپیکٹر‘ یورپی سینما گھروں میں مختلف ایام پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ اِس فلم کا ورلڈ پریمیئر لندن میں منعقد کیا گیا۔ فلم دیکھنے والوں میں کئی نامی گرامی شخصیات میں پرنس ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ کے علاوہ اُن کا بھائی پرنس ہیری بھی شریک تھے۔ ورلڈ پریمیئر کا اہتمام لندن کے رائل البرٹ ہال میں کیا گیا۔ فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے ڈینیئل کریگ اور فلم کی دو ہیروئنوں فرانسیسی اداکارہ لی سیڈو اور اطالوی ساحرہ مونیکا بالوچی بھی موجود تھیں۔

فلم کا شو دیکھنے کے بعد ڈینئل کریگ نے کہا کہ وہ اُن فلموں کو دیکھنا پسند نہیں کرتے ہیں جس میں انہوں نے کردار ادا کیا ہو لیکن جیمز بانڈ بننے کا مزہ ہی اور ہے۔ کریگ کے مطابق یہ فلم حقیقت میں بانڈ سیریز کی کلاسک فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والوں کے احترام میں بنائی گئی ہے۔ جیمز بانڈ کے ساتھ کام کرنے والی خواتین کے لیے ’بانڈ گرل‘ کی ترکیب استعمال کی جاتی ہے۔ نئی فلم کی بانڈ گرل لی سیڈو کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی کہ وہ بانڈ گرل بن سکی ہیں لیکن وہ ’بلونڈ‘ ضرور ہیں۔ بانڈ گرل کے طور پر اطالوی اداکارہ مونیکا بالوچی سب سے زیادہ عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی اداکارہ ہیں۔ انہیں بانڈ گرل بننے کا موقع اکاون برس میں ملا۔

Skiresort Soelden
نئی جیمز بانڈ فلم ’اسپیکٹر‘ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa/B. Gindl

جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ’اسپیکٹر‘ کے ہدایتکار سام مینڈیز ہیں، وہ بھی ورلڈ پریمیئر کے موقع پر شائقین کے ساتھ رائل البرٹ ہال میں موجود ہوتے ہوئے اپنی فلم کی داد و تحسین سمیٹتے رہے۔ مینڈیز کو سن 1999 میں فلم ’امریکن بیوٹی‘ پر اکیڈمی ایوارڈ حاصل ہو چکا ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُن کا کہنا ہے کہ وہ اِس فلم کی ریلیز پر بہت خوش ہیں اور ناقدین کے تجزیوں کے بعد اطمینان محسوس کرتے ہیں۔

فلم اسپیکٹر میں برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی سِکس کے سربراہ کے طور پر ایم کا کردار رالف فینیس نے ادا کیا ہے اور اُن کا خیال ہے کہ نئی فلم انتہائی جانفشانی کے ساتھ تخلیق کی گئی ہے۔ اِس فلم کے نام ’اسپیکٹر‘ ایک انگلش استعارے کا مخفف ہے۔ یہ نام سن 1971 میں بنائی گئی بانڈ سیریز کی فلم ’ ڈائمنڈز آر فارایور‘ میں استعمال کیا گیا تھا۔ اسپیکٹر سے پورا نام’ اسپیشل ایگزیکٹو فار کاؤنٹر انٹیلیجینس، ٹیررازم، ریوینج اینڈ ایکسٹارشن‘ بنتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک منظم جرائم کی تنظیم ہے۔ اِسی کے خلاف فلم میں جیمز بانڈ متحرک دکھایا گیا ہے۔ فلم کی عکاسی آسٹریا، برطانیہ، اٹلی اور مراکش میں کی گئی ہے۔