1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی اداکار بڈ اسپینسر انتقال کر گئے

عاطف توقیر28 جون 2016

ویسٹرن طرز کی فلموں کے مشہور زمانہ اطالوی اداکار بڈ اسپینسر 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق اس مشہور اداکار کا انتقال پیر ستائیس جون کو ہوا۔

https://p.dw.com/p/1JEvt
Bud Spencer The night before christmas
تصویر: picture-alliance/dpa

آج منگل اٹھائیس جون کو اسپینسر خان دان کی جانب سے ٹوئٹر کے ذریعے انگریزی میں جاری کردہ ایک پیغام کے مطابق، ’’ہم انتہائی دکھ کے ساتھ آپ کو یہ اطلاع دے رہے ہیں کہ بڈ اپنے اگلے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں۔‘‘

اسپینسر کا اصل نام کارلو پیڈرسولی تھا اور وہ سن 1929ء میں اٹلی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ٹیرنس ہِل کے ساتھ مل کر، جن کا اصل نام ماریو گیروٹی تھا، 16 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اطالوی اخبار ’لا ریپُبلیکا‘ کے مطابق اسپینسر کا انتقال پیر کے روز روم کے ایک ہسپتال میں ہوا۔

اسپینسر کی وفات کی خبر آنے پر آن لائن دنیا میں ہیش ٹیگ بڈ اسپینسر گردش کرنے لگا، جب کہ اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے بھی اسی ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا، ’’بائے بڈ اسپینسر۔ ہم نے آپ سے بے انتہا محبت کی ہے۔‘‘

Bud Spencer Soldato Di Ventura Filmszene
بڈ اسپینسر نے ویسٹرن فلموں میں اپنا ایک علیحدہ مقام بنایاتصویر: picture alliance/dpa/United Archives

اطالوی وزیر ثقافت داریو فرانچَیسکینی نے بھی اپنے ایک پیغام میں اسپینسر کو فلمی صنعت کا ایک ’عظیم اداکار‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کا کیریئر کئی نسلوں کو محظوظ کرتا رہا۔

ہالی وُڈ اداکار رسل کَرو نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا، ’’بڈ اسپینسر میرا دل آپ کے اہل خانہ کے دکھ میں شامل ہے۔‘‘

اسپینسر جنوبی اطالوی شہر نیپلز میں پیدا ہوئے تھے، تاہم ان کا خاندان اس وقت روم منتقل ہو گیا تھا، جب اسپینسر کی عمر ابھی صرف گیارہ برس تھی۔ روم میں وہ ایک بہترین تیراک بن گئے تھے۔

دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد ان کے اہل خانہ ریو ڈی جینیرو منتقل ہو گئے تھے، جب کہ اسپینسر کو پڑھائی چھوڑ کر مختلف چھوٹی موٹی ملازمتیں کرنا پڑیں، جن میں تعمیراتی مزدور اور لائبریرین تک کی نوکریاں شامل تھیں۔

وہ بعد میں دوبارہ روم منتقل ہوئے اور پھر سے اسکول جانا شروع کیا اور وہیں انہوں نے ایک مرتبہ پھر تیراکی کے مقابلوں میں شامل ہونا شروع کر دیا تھا۔ سن 1950ء میں وہ فری اسٹائل پیراکی کے شعبے میں سو میٹر کا فاصلہ ایک منٹ سے کم وقت میں طے کرنے والے پہلے اطالوی پیراک بن گئے تھے۔ بعد میں وہ سات مرتبہ اٹلی کے سوئمنگ چیمپیئن بھی رہے، تاہم سن 1960ء کے روم اولمپکس کے بعد انہوں نے تیراکی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

انہوں نے ایک فلم ساز کی بیٹی سے شادی کی تھی، اور یہیں سے ان کا فلمی سفر شروع ہوا۔ سن 1967ء میں ان کی پہلی ویسٹرن فلم ’گاڈ فورگِوز، آئی ڈونٹ‘ یا ’خدا معاف کر دیتا ہے، میں نہیں‘ آئی جو بے انتہا مقبول ہوئی۔ اس کے بعد وہ ویسٹرن فلموں کے ایک نہایت نمایاں اداکار تصور کیے جانے لگے اور ان کی ایک کے بعد ایک شاہ کار فلم سامنے آئی تھی۔