1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعتزاز احسن کی پارٹی رکنیت معطل

خبر رساں ادارے18 فروری 2009

پاکستان پیپلز پارٹی نے بیرسٹر اعتزاز احسن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکنیت معطل کردی دوسری جانب اعتزاز احسن نے وکلاء تحریک سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا۔

https://p.dw.com/p/Gwf1
پاکستان میں وکلاء تحریک کے روح رواں چوہدری اعتزاز احسنتصویر: AP

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر کے مطابق پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اعتزاز احسن کی ایگزیکیٹو کمیٹی کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ جہانگیر بدر کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن کو اظہار وجوہ کا نوٹس ان کے گھر کے پتے پر بھجوایا جا چکا ہے۔

جہانگیر بدر کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین چاہیں تو اعتزاز کی درخواست پر ان کی رکنیت بحال کی جا سکتی ہے۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے بتا دیا گیا ہے تاہم انہوں نے اب تک وہ خط نہیں پڑھا کیونکہ وہ لاہور میں ان کے گھر کے پتے پر ارسال کیا گیا ہے اور وہ نوٹس پرھنے کے بعد ہی اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا پارٹی آئین سے کوئی اختلاف نہیں اور نہ ہی انہوں نے پارٹی کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ افتخار محمد چوہدری ملک کے آئینی چیف جسٹس ہیں، پیپلز پارٹی کا آئین ملکی آئین سے بالا تر ہر گز نہیں ہے اوروہ وکلاء تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ مرحومہ بے نظیر بھٹو کی وصیت پر عمل کررہے ہیں۔ اعتزاز احسن کے مطابق:’’ صدر پاکستان اورپیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری صاحب نے نو مارچ، پانچ اور سات اگست کو تحریری طور پر چیف جسٹس کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔‘‘

دوسری جانب مقامی میڈیا کی جانب سے سامنے آنے والی رپورٹوں میں بتایا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ناہید خان اور صفدر عباسی کو بھی اظہار وجوہ کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ناہید خان اور صفدر عباسی کو ایسا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا اور اگر پارٹی نے کوئی نوٹس جاری کیا تو عوام کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔