1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعجاز بٹ بھارتی ٹیم کو رضا مند کرنے سر حد پار جائیں گے

طارق سعید، لاہور23 نومبر 2008

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان پر رضا مند کرنے کے لئے اس ماہ کے آخر میں بھارت جا ئیں گے ۔

https://p.dw.com/p/G0ZJ
سلیم الطاف کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھارت جا کر اپنے ہم منصب ششنک منوہر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرکے دورہ پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔تصویر: AP

ہفتہ کی شب لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے باہر ہونے والے تین بم دھماکوں نے پاک بھارت سےریز پر منڈالنے والے خطرے کے بادل مزید گہرے کر دئیے ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ چیئر مین پی سی بی اعجاز بٹ اس ہفتے سےریز کے انعقاد کے لئے بھارتی ہائی کمشنر ستیا پال سے اسلام آباد میں دوسری ملاقات کریں گے ۔جس میں انہیں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے کرائی گئی سیکورٹی کی یقین دہانیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ سلیم الطاف کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھارت جا کر اپنے ہم منصب ششنک منوہر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرکے دورہ پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سلیم الطاف نے بتایا کہ بھارت کی خواتین ٹینس اور شوٹنگ ٹیم کے اسلام آباد میں جاری ایونٹس میں شرکت کے بعد وہ پر امید ہیں کہ ہمسایہ ملک کی کرکٹ ٹیم بھی جنوری میں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد دسمبر میں پاکستان آئے گا ۔

سلیم الطاف نے بتایا کہ پاک بھارت سیریز کو نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا آپشن موجود ہے اور اس بابت انکی ابو ظہبی، دبئی اور شارجہ کے کرکٹ حکام سے بات چیت ہو چکی ہے۔ انگلینڈ نے بھی یہ مقابلے اپنے ہاں کرانے کی پیشکش کی ہے۔سیریز کی بھارت منتقلی کے حوالے چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ دورے کے تبادلے کا فیصلہ مالی معاملات دیکھ کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کے فیو چر ٹور پرو گرام کے تحت اگلے برس جنوری اور فروری میں پاکستانی سرزمین پر ٹین ٹیسٹ پانچ ون ڈے اور ایک ٹونٹی20میچ کھیلنا ہے۔