1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعجاز بٹ کی تنقید افسوسناک ہے، شاہد آفریدی

10 جولائی 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ کی جانب سے ان کی کپتانی پر کی گئی تنقید پر انتہائی افسوس ہے۔

https://p.dw.com/p/11sNk
تصویر: picture alliance/dpa

پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے سربراہ اعجاز بٹ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہد خان آفریدی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ رواں برس مئی میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی جانے والی سیریز میں ٹیم کی ہار کا باعث بنے۔ آفریدی نے ہفتے کے روز ٹیلی فون پر خبر رساں ادارے AFP کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے سربراہ کی جانب سے اس طرح کا بیان افسوسناک عمل ہے۔ ’’مجھے افسوس ہے کہ اس طرح کی چیزیں بورڈ کے سربراہ کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں۔‘‘

آفریدی نے کہا کہ اعجاز بٹ نے خود انہیں ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔ ’’ماہرین سے لے کر شائقین تک ہر شخص میری قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم میں اتحاد پیدا کرنے پر میری تعریف کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بیانات ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی ’مہم‘ کا حصہ ہیں۔

Ijaz Butt Pakistan Cricket
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹتصویر: AP

جمعرات کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ نے اپنے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ آفریدی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف مئی میں کھیلی گئی ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ ہاری تھی۔ اس موقع پر اعجاز بٹ کا کہنا تھا، ’جہاں تک میری رائے ہے، آفریدی پی سی بی کی نظر میں کپتانی کی اہلیت نہیں رکھتا۔‘

واضح رہے کہ ماضی قریب میں شاہد آفریدی کی جانب سے بار بار بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلانات سامنے آتے رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد مرتبہ کرکٹ بورڈ پر الزامات بھی عائد کیے ہیں کہ بورڈ سینئر کھلاڑیوں سے بدسلوکی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل آفریدی سے معاہدہ ختم کرتے ہوئے انہیں ملک سے باہر کرکٹ کھیلنے سے روک دیا تھا اور ساتھ ہی شاہد آفریدی کو ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید