1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعصام الحق یو این ڈی پی کے سفیرِ خیر سگالی مقرر

8 نومبر 2010

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقی (یو این ڈی پی ) نے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق اور معروف پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی کو پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ’گڈ ول ایمبیسڈر‘ مقرر کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q1gy
ٹینس سٹار اعصام الحقتصویر: AP

ٹینس سٹار اعصام الحق اس وقت ٹاپ ایٹ میچز کھیلنے کے لئے پیرس میں ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں یو این ڈی پی کا سفیر خیر سگالی مقرر ہونے پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی مدد کرنا انتہائی اہم ہے جو سیلاب میں اپنا سب کچھ کھو چکے ہیں تا کہ وہ دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں۔

تیس سالہ اعصام الحق وہ واحد کھلاڑی ہیں، جنہوں نے پاکستان کے لیے ڈیوس کپ کے سب سے زیادہ میچ جیتے ہیں۔ یو این ڈی پی کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں اعصام الحق کے والدین احتشام الحق قریشی اور نوشین احتشام نے شرکت کی۔

اس موقع پر اعصام الحق کے والد نے بتایا کہ اعصام الحق پیرس میں ٹینس کے اہم میچز کھیلنے کے سبب ایشین گیمز میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ اعصام کی والدہ کا کہنا تھا کہ اعصام کی شدید خواہش تھی کہ وہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں لیکن پیرس میں ٹینس کے ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کے مابین میچز کے سبب وہ ایسا نہیں کر پائیں گے۔

Shahid Afridi
شاہد آفریدی بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اپیلیں کر چکے ہیںتصویر: AP

دریں اثناء یو این ڈی پی کے حکام کا کہنا ہے کہ اعصام الحق کو سیلاب زدگان کی جلد بحالی کے لئے خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اعصام الحق اور حدیقہ کیانی اپنے پیغامات کے ذریعے یو این ڈی پی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم میں شامل ہوں گے تا کہ سیلاب سے زیادہ متاثرہ 39 اضلاع میں فوری امداد کے منتظر لوگوں کو فوری مدد پہنچائی جاسکے۔ اعصام الحق اس سے قبل اپنے خاندان کی امدادی تنظیم حق فاؤنڈیشن کے ذریعے بھی سیلاب زدگان کے لئے امدادی سر گرمیاں انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد نے کہا کہ حکومت کو خوشی ہے کہ اعصام الحق اور حدیقہ کیانی سیلاب سے تباہ حال لاکھوں افراد کی بحالی کے لئے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ باقاعدہ وابستہ ہوئے ہیں۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے پاکستان میں سربراہ توشی ہیرودہنکا نے کہا کہ ان کا ادارہ اعصام الحق اور حدیقہ کیانی کو پہلے قومی خیرسگالی کے سفیر کے طور پر اپنے ساتھ شامل کر کے بہت خوش ہے۔

خیال رہے اس سے پہلے پاکستانی کرکٹ سٹار شاہد آفریدی، یونس خان اور ٹیم کے دیگر ارکان بھی مختلف تنظیموں اور ذاتی حیثیت میں سیلاب زدگان کے لئے امدادی کام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مدد کے لئے بھی اپیلیں کر چکے ہیں۔

رپورٹ: شکور رحیم ، اسلام آباد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں