1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افریقہ میں جاری تنازعات پر قابو پایا جائے: موگابے

7 جون 2009

زمبابوے کے سیاحتی مقام وکٹوریہ فالز میں جنوب مشرقی افریقی ریاستوں کی تنظیمCOMESA کی دوروزہ سمٹ میں سوڈان کے صدر عمر البشیر سمیت 19 ممالک کےسربراہان مملک شرکت کر رہےہیں۔ اس سمٹ اقتصادی ترقی جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے ۔

https://p.dw.com/p/I59F
صدر رابرٹ موگابے نے افریقہ کے سب سے بڑے تجارتی بلاک پر زور دیا ہے کہ تنازعات کے خلاف عملی کارروائی کی جا ئےتصویر: AP

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے افریقہ کے سب سے بڑے تجارتی بلاک پر زور دیا ہے کہ براعظم افریقہ میں تنازعات کے خلاف عملی کارروائی کی جا ئے۔ انہوں نے ان تنازعات کو ایک کینسر قرار دیا۔ اتوار کے دن مشترکہ منڈی برائے جنوب مشرقی افریقہ COMESA کے دو روزہ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے موگابے نےکہا کہ انہی تنازعات کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور بے گھری نے اہم انسانی وسائل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

اس سمٹ میں سوڈان کے صدرعمر البشیر سمیت جنوب مشرقی افریقہ کے کل انیس سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں۔ اس دو روزہ کانفرنس میں افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بہتر بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ زمبابوے خود بد ترین اقتصادی بحران کا شکار ہے اور اس کو امید ہے کہ اس اجلاس کی میزبانی اس کے لیے بحران سے باہر نکلنے کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔

اس بلاک کے نئے چئیر پرسن موگابے نے سمٹ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ تنازعات ہماری معیشتوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ 85 سالہ موگابے نے بلاک پر زور دیا کہ براعظم افریقہ میں جاری تنازعات کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

Sudan bricht diplomatische Beziehungen zum Tschad ab
اس سمٹ میں سوڈان کے صدرعمر البشیر سمیت جنوب مشرقی افریقہ کے کل انیس سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیںتصویر: AP

اتوار کے دن افریقی یونین کے نائب چئیر پرسن Erastus Mwencha نے صومالیہ کی صورتحال کو شدید پریشان کن قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح خطے میں دیگر ممالک بھی ان تنازعات کا شکا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن ، سلامتی اور استحکام کا قیام ، براعظم میں معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنظیم COMESA کو کئی تنازعات پر قابو پانا ہے۔

زمبابوے کے سیاحتی مقام وکٹوریہ فالز کے شہر میں ہونے والی اس دو روزہ سمٹ کا اہم مقصد یہ بھی ہے کہ کسٹم یونین کا قیام عمل لایا جائے تاکہ درآمدات اور برآمدات پر ٹیکسوں کا باضابطہ نظام وضع کیا جا سکے۔ اس بلاک میں شامل کئی ممالک نے ایک سے دوسرے ملک سفر کرنے کے لئے ویزا کی پابندی ختم کر دی ہے۔

نہ صرف زمبابوے بلکہ افریقہ کے بیشتر ممالک اقتصادی اور سیاسی بحرانوں کی زد میں ہیں۔ مذکورہ اقتصادی اجلاس انہی مسائل سے نمٹنے اور ان کا حل تلاش کرنے کی ایک کوشش ہے تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ سوڈانی صدر عمر البشیر کی اس اجلاس میں شرکت سے عالمی برادری کی توّجہ افریقی ممالک کے زیادہ اہم اقتصادی مسائل سے ہٹ کر دوسری جانب مبذول ہو جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : عاطف توقیر