1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان اور پاکستان کے لیے نئے امریکی مندوب کا پہلا سرکاری دورہ

1 مارچ 2011

افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے نئے خصوصی مندوب مارک گروس مین پیر کے دن سے اپنا پہلا سرکاری غیر ملکی دورہ شروع کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10RAc
امریکہ کے نئے خصوصی مندوب مارک گروس مینتصویر: picture alliance/dpa/dpaweb

واشنگٹن میں حکام کے مطابق اس دورے کے دوران مارک گروس مین کو لندن، جدہ، کابل، اسلام آباد اور برسلز میں اعلیٰ سطحی مذاکرات کرنا ہیں۔ امریکی دفتر ‌خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے یہ نئے خصوصی مندوب جمعرات تین مارچ کے روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوں گے۔ جدہ میں گروس مین ان ملکوں کے نمائندوں کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے، جو یا تو افغانستان کے ہمسایہ ممالک ہیں یا جن کا افغانستان سے کوئی نہ کوئی تعلق بنتا ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان کے مطابق مارک گروس مین کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی رابطہ گروپ ICG کے اجلاس کی صدرات مشترکہ طور پر ان کے جرمن ہم منصب مشائیل شٹائنر بھی کریں گے۔ اس اجلاس کا اہتمام اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم OIC کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔

امریکی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق جدہ میں اس اجلاس کے اہتمام کے ذریعے او آئی سی کی ان کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جا سکے گی، جو افغانستان اور پاکستان کے بارے میں اکثریت طور پر مسلم آبادی والے ملکوں کی طرف سے کی جا رہی ہیں۔

Richard Holbrooke 2008
رچرڈ ہالبروکتصویر: picture-alliance/ dpa

افغانستان سے متعلق بین الاقوامی رابطہ گروپ ICG کی رکن 50 کے قریب ریاستوں اور بین الاقوامی تنظیموں میں سے ایک تہائی کے قریب اسلامی کانفرنس کی تنظیم OIC کی رکن ہیں۔

جدہ کی اس کانفرنس میں افغان وفد کی قیادت وزیر خارجہ ظلمے رسول کریں گے۔ اس افغان وفد میں برہان الدین ربانی بھی شامل ہوں گے، جو افغانستان میں طالبان کی مسلح مزاحمت کے خاتمے کے لیے قائم امن کونسل کے سربراہ ہیں۔ اس کانفرنس میں پاکستانی وفد کی سربراہی خارجہ امور کی خاتون وزیر مملکت حنا ربانی کھر کریں گی۔

مارک گروس مین کو 18فروری کو رچرڈ ہالبروک کے جانشین کے طور پر پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کا خصوصی مندوب نامزد کیا گیا تھا۔ ہالبروک کا 13 دسمبر کو 69 برس کی عمر میں اچانک انتقال ہوگیا تھا۔ اپنے موجودہ غیر ملکی دورے کے دوران لندن میں مارک گروس مین اپنی برطانوی ہم منصب Karen Pierce کے ساتھ ملاقات کے علاوہ متعدد اہم اجلاسوں میں شرکت بھی کریں گے۔

اس کے علاوہ کابل اور اسلام آباد میں یہ امریکی مندوب اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے مشورے کریں گے۔ مارک گروس مین کے اس دورے کا اختتام برسلز میں ہو گا، جہاں وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی قیادت کے ساتھ امریکہ کی مسلسل مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں