1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان، سکیورٹی فورسز پر ایک اور حملہ

عاطف بلوچ ڈی پی اے
19 نومبر 2017

افغانستان میں طالبان کے ایک خونریز حملے میں گیارہ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ اتوار کے دن یہ کارروائی مغربی افغانستان میں کی گئی۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2nslb
Afghanistan Angriff auf Wohnanlage für Ausländer in Kabul
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Hossaini

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے افغان حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کی صبح طالبان جنگجوؤں کے ایک گروہ نے فراہ صوبے کے ضلع فراہ رود میں پولیس کی تین چیک پوائنٹس پر حملہ کر دیا۔ پولیس کی یہ چوکیاں مرکزی بازار میں قائم ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ طالبان نے یہ حملہ منظم انداز میں کیا۔

افغانستان میں نیٹو قافلے پر خودکش حملہ

رواں برس افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں واضح اضافہ

موسیٰ قلعہ پولیس چوکی پر طالبان کا حملہ، 17 سپاہی ہلاک

افغانستان میں جرمن فوج کے تربیت کار

طبی حکام نے گیارہ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آٹھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ چار ابھی تک لاپتہ ہیں۔ فراہ صوبے کی کونسل ممبر جمیلہ امینی نے ڈی پی اے سے گفتگو میں کہا کہ طالبان ان پولیس چوکیوں کو نذر آتش کرنے کے بعد فرار ہوئے۔

دوسری طرف صوبائی گورنر کے ترجمان محمد ناصر مہری نے کہا ہے کہ اس طالبان کے اس حملے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے طالبان کے اس حملے کو ناکام بنا دیا اور اس دوران آٹھ جنگجو ہلاک اور چھ زخمی بھی ہوئے۔

ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں افغان پولیس فورس کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ حالیہ عرصے کے دوران طالبان نے افغانستان بھر میں اپنی پرتشدد کارروائیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے اور بالخصوص صوبہ فراہ میں سکیورٹی فورسز کا نشانہ بنانے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رواں ہفتے کے دوران منگل کو بھی طالبان نے قندھار اور فراہ صوبے میں واقع متعدد پولیس چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 37 افغان سکیورٹی فورسز مارے گئے تھے۔ بالخصوص رات کے وقت ان چیک پوائنٹس میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

سکیورٹی کی اسی مخدوش صورتحال کی وجہ سے نیٹو نے افغانستان میں اضافی فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ غیر ملکی فوجی افغان فورسز کو مشاورت اور تربیت کے منصوبہ جات پر عمل پیرا ہوں گے۔